Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔
شائع 08 نومبر 2023 06:25pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ گیس کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کے معاملے پر آئل اینڈ گیس ریگو لیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکس چارجز 10 سے بڑھا کر 400 روپے کر دیے گئے جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر2023 سے ہوگا۔

اوگرا کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 25 سے 90 مکعب میٹر تک گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے قیمت نہیں بڑھائی گئی، پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکس چارجز 10 سے بڑھا کر 400 روپے کردیے گئے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کےلیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے، ماہانہ 25 مکعب میٹر کے صارفین کےلیے قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 60 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 300 سے بڑھ کر 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 100 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 400 سے بڑھا کر 1000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر قیمت 600 سے بڑھا کر 1200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقررکی گئئ ہیں۔

اسی طرح ماہانہ 200 مکعب میٹر استعمال پر قیمت 800 سے بڑھا کر 1600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 300 مکعب میٹر استعمال پر قیمت 1100 سے بڑھا کر 3000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر، ماہانہ 400 مکعب میٹر استعمال پر قیمت 2000 سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر، ماہانہ 400 مکعب میٹر سے زائد استعمال پر قیمت 3100 سے بڑھا کر 4000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقررکی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تندوروں کے لیے گیس کی قیمت 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمت 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو برقرار رکھا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیمنٹ سیکٹر کےلیے گیس کی قیمت 4400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر اور سی این جی سیکٹر کے لیے گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3600 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ برآمدی صنعتوں کے لیے گیس کی قیمت 2100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور غیر برآمدی صنعتوں کے لیے گیس کی قیمت 2200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔

OGRA

gas prices

Gas Tarrif