Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

’نوازشریف کو الیکشن کو غیر متنازع کرنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے‘

راستے کا تعین کیے بغیر اقتدار تباہی کا راستہ ہوگا، شاہد خاقان عباسی
شائع 07 نومبر 2023 10:40pm
Exclusive interview of Shahid Khaqan - Is he and PML-N parting ways?| Faisla Aap Ka | Aaj News

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ راستے کا تعین کیے بغیر اقتدار تباہی کا راستہ ہوگا ، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو الیکشن کو غیر متنازع کرنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے، نوازشریف کے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں، ماضی کے غلط فیصلے درست ہونے چاہئیں۔ میں کوئی بھی جماعت بنانے نہیں جارہا تاہم موجودہ ملکی سیاست میں الیکشن لڑنے کا قائل نہیں ہوں، ملک کی لیڈرشپ کو ایک ٹیبل پر بیٹھنا چاہیے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’نواز شریف ملک کے سینئر ترین سیاستدان ہیں، نوازشریف کو مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے، مسائل کا حل موجودہ الیکشن میں نہیں ملے گا‘۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے راستے کا تعین کرنا ہوگا، شفاف انتخابات نہیں ہوئے تو مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ ملک کیلئے سیاست کو ایک طرف رکھنا ہوگا، الیکشن میں جو بھی جیتے پہلے سے متعین راستے پر چلے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کیا گزشتہ 3 سال میں ملک کے مسائل حل ہوئے، الیکشن متنازع ہوا تو مشکلات بڑھ جائیں گی، ’نواز شریف کو الیکشن کو غیر متنازع کرنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے، راستے کا تعین کیے بغیر اقتدار تباہی کا راستہ ہوگا‘۔

شاہد خاقان نے مزید کہا کہ آج سب سے زیادہ ذمہ داری نوازشریف کی ہے، قائد ن لیگ ملک کے سینئر ترین لیڈر ہیں، نوازشریف کے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں، ہمیں 16 ماہ میں نا انصافیاں درست کرنا چاہئے تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کیا تھی، 16ماہ کی (پی ڈی ایم) حکومت کی کارکردگی کیا تھی، حالات بدل گئے مگر مسائل وہی ہیں۔ عوام کو عدالتوں پر اعتماد نہیں ہے، عدالتوں کو بھی اپنی ساکھ بحال کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف مرضی سے باہر گئے اور مرضی سے واپس آئے، ملکی قیادت بیان بازی کے بجائے ٹیبل پر بیٹھے، 16ماہ کی حکومت نے نواز شریف کیلئے کچھ نہیں کیا، وزیراعظم کو سوموٹو ایکشن کا کہنا چاہئے تھا، وزیراعظم بننا ہر پاکستانی کا حق ہے، ماضی کےغلط فیصلےدرست ہونے چاہئیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں زرداری صاحب سے رشتہ نہیں جڑا، الیکشن سے پہلے سیاسی ماحول بہتر کرنا ہوگا، الیکشن سے قبل ملکی معاملات کا حل ڈھونڈنا چاہئے۔ الیکشن کیلئے سیاسی جوڑ توڑ بھی ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں ایم کیوایم اور پی پی پی میں نہیں ہوں، قائد ن لیگ میرے لیڈر ہیں، میں ن لیگ میں ہوں، میرا کسی سے کوئی گلہ شکوہ نہیں، میں موجودہ حالات میں الیکشن نہیں لڑوں گا، موروثی سیاست قابلیت کی بنیاد پر ہونی چاہئے تاہم جب نواز شریف یاد کریں گے تو حاضر ہو جاؤں گا۔

نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ مجھ پر جماعت بنانے کے الزامات لگتے رہے، میں کوئی بھی جماعت نہیں بنانے جارہا، ن لیگ یا کسی شخص سے کوئی ناراضی نہیں، موجودہ ملکی سیاست میں الیکشن لڑنے کا قائل نہیں ہوں۔

انھوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت ملک کی بات نہیں کر رہی، ملکی حالات کے ذمہ دار سب ہیں، جس نے آئین توڑا وہ سب سے بڑا ذمہ دار ہے، 76 سال بعد ملک کہاں کھڑا ہے، یہ بات کوئی نہیں کرتا، ملک کی لیڈرشپ کو ایک ٹیبل پر بیٹھنا چاہیے۔

Nawaz Sharif

economic crisis

Pakistan Politics

Election 2024