Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈکپ: میکس ویل نے بازی پلٹ دی، 201 رنز کی اننگز کھیل کر افغانستان سے فتح چھین لی

آسٹریلیا نے 292 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا
اپ ڈیٹ 07 نومبر 2023 11:31pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلوی بیٹرگلین میکسویل نے ناقابل یقین ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے افغانستان کے جبڑوں سے فتح چھین لی، میکسویل کی 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

آسٹریلیا نے افغانستان کی جانب سے دیے گئے 292 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے اور آسٹریلیا کے لیے 292 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

افغانستان کی بیٹنگ

افغانستان کے اوپنرز رحمان اللّٰہ گرباز اور ابراہیم زادران نے اننگز کا آغاز کیا جو ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، افغانستان کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں 38 رنز پر گری جب رحمان اللّٰہ گرباز 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد ابراہیم زادران اور رحمت شاہ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121 رنز تک پہنچایا اور دونوں کے درمیان 83 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، جس کے بعد 24.4 اوورز میں رحمت شاہ 30 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رحمت شاہ کے بعد کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ابراہیم زادران کا ساتھ دیا، دونوں کے درمیان 52 رنز کی پارٹنر شپ بنی تاہم کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی 26 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

نئے آنے والے بلے باز عظمت اللّٰہ عمرزئی نے 22 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ان کے بعد آنے والے محمد نبی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

صرف ابراہیم زردارن نے جس میں کچھ حصہ راشد خان نے بھی شامل کیا۔

وکٹ کی دوسری جانب موجود ابراہیم زادران نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔

ابراہیم زادران نے 129 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

ابراہیم زدران ورلڈ کپ میں افغانستان کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔

اننگز کے اختتامی لمحات میں راشد خان نے 18 گیندوں پر 35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مچل اسٹارک ایڈم زمپا اور گلین میکسویل ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ

افغانستان کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز مایوس ہوا، افغان بولرز کے سامنے آسٹریلوی ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور 69 کے مجموعی اسکور پر آدھی کینگروز کی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر 18، مچل مارش 24، لبوشین 14، ٹریویس ہیڈ اور جوش انگلس صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 87 کے مجموعی اسکور پر گری جب اسٹوئنس 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ٹیم کا اسکور 91 رنز پر پہنچا تو مچل اسٹارک 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

91 رنز پر آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد گلین میکسویل نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ ٹیم کو ریسکیو کرنا شروع کیا اور ایسا ریسکیو کیا کہ جیت کے پار ہی پہنچادیا۔

قسمت بھی میکسویل پر مہربان رہی، ان کے 2 آسان کیچز ڈراپ ہوئے جبکہ میکسویل کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا تاہم ریویو کے بعد وہ محفوظ رہے۔

قسمت کے ساتھ کا فائدہ اٹھا کر میسکویل نے ایسی اننگز کھیل دی جو مدتوں یاد رہے گی، ان کو ٹانگ میں تکلیف بھی رہی جس کی وجہ سے وہ دوڑ نہیں پارہے تھے لیکن انہوں نے چھکے اور چوکے مارنے کو زیادہ ترجیح دی۔

گلین میکسویل اور پیٹ کمنز کے درمیان 8 ویں وکٹ پر ریکارڈ 202 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، اس شراکت میں کمنز کے صرف 12 رنز شامل تھے، بقیہ سارا اسکور میکسویل کا تھا۔

گلین میکسویل نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 128 گیندوں پر ناقابلِ شکست 201 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ کپتان پیٹ کمنز نے 68 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ہدف کے تعاقب میں میکسویل کا بھرپور ساتھ دیا۔

گلین میکسویل نے چھکا مار کر ڈبل سنچری مکمل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو شاندار جیت دلوادی، وہ آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے۔

یوں آسٹریلیا نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 292 رنز کا ہدف 46.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

افغانستان کے خلاف شاندار بیٹنگ اور تاریخی ڈبل سنچری کرنے پر گلین میکس ویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

افغانستان کی جانب سے نوین الحق، عظمت اللہ عمر زئی اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر ایک نظر

آسٹریلیا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی، اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقا پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا 12،12 پوائنٹس کے بعد دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھا نمبر ہے۔

پاکستان پانچویں اور افغانستان 8،8 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

میچ کا ٹاس

کرکٹ ورلڈکپ کا 39واں میچ بھارتی شہر ممبئی کے وانکھڈے اسٹیدیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ آج کے میچ میں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔

افغان کپتان نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فضل الحق فاروقی کی جگہ نوین الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ کنفرم کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ مچل مارش اور گلین میکسویل کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

آسٹریلوی ٹیم میں پیٹ کمنز (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، مارنس لیبوشگن، جوش انگلس، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈشامل ہیں۔

افغانستان کا اسکواڈ

افغانستان کی ٹیم میں حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمان اللہ گربز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمر زئی، رحمت شاہ، وکٹ کیپر اکرام علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

رواں ورلڈ کپ میں افغانستان کی ٹیم نے سب سے زیادہ متاثر کُن کارکردگی دکھائی اور اب تک 07 میچز کھیل کر 04 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ افغان ٹیم نے پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور نیدر لینڈز کو شکست دی ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم نے ابتدائی میچز میں خراب کارکردگی کے مظاہرہ کرنے کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل 05 میچز جیتے ہیں۔ آسٹریلین ٹیم کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے جبکہ پاکستان، سری لنکا، نیدر لینڈز ،نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچز میں کامیاب رہی ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 03 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں اور تینوں میچز میں ہی آسٹریلین ٹیم نے افغانستان کی ٹیم کو شکست دی ہے۔

پچ رپورٹ

اس میچ کے لیےوانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم، ممبئی میں نئی پچ تیار کی گئی ہے جو کہ بیٹرز کے لیے انتہائی سازگار ہوگی جبکہ دوسری اننگز میں فلڈ لائٹس کے نیچے فاسٹ بولرز کو مدد مل سکتی ہے۔

رواں ورلڈ کپ میں اس گراؤنڈ پر 03 میچز کھیلے گئے جن میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا سب سے کم اسکور 357 جبکہ زیادہ سے زیادہ اسکور 399 رنز ہے۔

اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے آخری 20 ایک روزہ میچز میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 260 رنز ہے جبکہ 83 فیصد وکٹیں فاسٹ بولرز کے حصے میں آئی ہیں۔

موسم کی صورتحال

ممبئی میں آج میچ کے دوران درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہوگا۔

پوائنٹس ٹیبل کی تازہ ترین صورتحال

واضح رہے کہ اب تک آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں دونوں ٹیمیں 7، 7 میچز کھیل چکی ہیں، آسٹریلیا نے 5 اور افغانستان نے اپنے 4 میچز جیتے ہیں۔

میگا ایونٹ میں 38 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ افغانستان کی ٹیم 08 پوائنٹس کے ساتھ 06 ویں پوزیشن پر ہے۔

afghanistan

india

cricket

Australia

mumbai

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

Wankhede Stadium

australia vs afghanistan