Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

’دھرتی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے سوات جیسا آپریشن ضروری ہے‘

دہشتگرد ملک دشمن ہیں ان کا خاتمہ ضروری ہے، آصف علی زرداری
شائع 06 نومبر 2023 09:23pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دھرتی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے سوات جیسا آپریشن ضروری ہے۔

یاد رہے کہ آصف زرداری کا بیان ایسے وقت میں آیا جب ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے لفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک رفیق خان، نائیک خوشدل خان اور لائس نائیک عبدالقادر کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں ہونے دے گی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد ملک دشمن ہیں ان کا خاتمہ ضروری ہے۔ ’دھرتی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لئے سوات جیسا آپریشن ضروری ہے‘۔

سابق صدر نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تیراہ واقعہ سے متعلق کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا اور ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

شہداء میں ٹیم لیڈر اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔

Asif Ali Zardari

security forces

security forces operation

Pakistan Law and order situation