Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ نے پولیس اہلکار کی برطرفی کیلئے آئی جی پنجاب کی درخواست خارج کردی

پنجاب پولیس کے مخبر اپنے ہی اہلکاروں کی مخبری کرتے ہیں کہ کون کہاں رات گزارتا ہے؟ عدالت
شائع 06 نومبر 2023 05:39pm

سپریم کورٹ نے پولیس اہلکار کی برطرفی کے لیے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی درخواست خارج کردتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پنجاب پولیس کے مخبر اپنے ہی اہلکاروں کی مخبری کرتے ہیں کہ کون کہاں رات گزارتا ہے؟

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل کی برطرفی کے کیس کی سماعت کی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایڈشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایاکہ کانسٹیبل اسلم ایک خاتون کے ساتھ گھر میں نازیبا حرکات میں ملوث پایا گیا۔

جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ خاتون تو کہتی ہے کہ کانسٹیبل اس کا شوہرہے یہ کام پنجاب پولیس کا ہی ہوسکتا ہے۔

ایڈشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایاکہ خاتون طوائف ہے اور پولیس نے مخبری پر کانسٹیبل کا پیچھا کرکے ریڈ کیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا پنجاب پولیس کے مخبر اپنے ہی اہلکاروں کی مخبری کرتے ہیں کہ کون کہاں رات گزارتا ہے؟

جسٹس اطہرمن اللہ نے سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پولیس نجی گھر میں بغیر وارنٹ کے ریڈ کیسے کرسکتی ہے؟ پولیس غیر قانونی ریڈ کر کے اپنے اختیار کا ناجائز استعمال کر رہی ہے، کیا پولیس کے غیر قانونی اقدام کی سپریم کورٹ توثیق کرے؟

چیف جسٹس پاکستان نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا آپ کے پیچھے کھڑے پولیس اہلکار کون ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا یہ ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر ہیں۔

ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگرہیں بھی عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیا بہاولنگر میں آج کرائم ریٹ صفر ہے جو ایس پی خود معمولی کیس کے لیے سپریم کورٹ آگئے؟ ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر کی اس کیس میں کیا ذاتی دلچسپی ہے؟

چیف جسٹس نے سوال کیا اسلام آباد سے بہاولنگر کتنی مسافت پر ہے؟ جس پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ اسلام آباد سے بہاولنگر 700 کلومیٹر دور ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پولیس افسران اپنے ذاتی خرچ پر آئے ہیں یا سرکار سے ٹی اے ڈی اے لیں گے؟

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا پولیس افسران کے مطابق انہیں ہدایات ہیں کہ سپریم کورٹ میں خود پیش ہوں، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ افسران تو ایسے آئے جیسے یہ اتنا بڑا کیس ہے کہ اس سے پاکستان کی دیواریں ہل جائیں گی۔

سپریم کورٹ نے کانسٹیبل اسلم کی برطرفی کی آئی جی پنجاب کی درخواست خارج کرتے ہوئے لاہورہائیکورٹ کا فیصلہ برقراررکھا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے بہاولنگر پولیس کے کانسٹیبل اسلم کی برطرفی ختم کر دی تھی، آئی جی پنجاب نے برطرفی ختم کرنے کا ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

IG Punjab

usman anwar

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

police constable Dismissal