Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی کسان فصلوں کی باقیات جلانے پر اڑ گئے، سرکاری افسر سے بھی آگ لگوادی

فضائی آلودگی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کی بڑی وجہ بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں بھوسے کو جلانا ہے
اپ ڈیٹ 06 نومبر 2023 11:37am
بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی ٰ بھگونت مان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوسے اسکرین شاٹ
بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی ٰ بھگونت مان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوسے اسکرین شاٹ

بھارتی پنجاب میں کسانوں نے فصلوں کی باقیات کو جلانے کا سلسلہ ترک کرنے سے انکار کردیا ہے۔ فصلوں کی باقیات جلنے سے بھارت اور پاکستان میں سموگ پیدا ہو رہی ہے۔ تاہم بھارتی کسان نہ صرف ضد پر تلے ہیں بلکہ انہوں نے ایک سرکاری افسر کو بھی فصلوں کا ڈھیر جلانے پر مجبور کیا جس پر کرنے والے کسانوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اکتوبر اور نومبر میں دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کے پیچھےبھارتی پنجاب اور ہریانہ میں دھان کے بھوسے کو جلانا ایک بڑی وجہ ہے۔

اتوار 5 نومبر کوبھارتی پنجاب میں کھیتوں میں آگ لگنے کے 3 ہزار 230 واقعات رپورٹ ہوئے، جو اس سیزن میں اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ ہیں، ریاست کے بڑے حصوں میں ہوا کا معیار ’خراب‘ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

حالیہ واقعہ میں کسانوں نے ایک سرکاری افسر کو بھوسے کے ڈھیر کو آگ لگانے پر مجبور کیا جس کی وزیر اعلیٰ نے مذمت کی ۔ پولیس نے کسانوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

خدشات کی وجہ سے کسان بھوسہ جلانا بند کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔ کسانوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس کوئی متبادل نہیں اور سبسڈی اور دیگر اقدامات کے باوجود، وہ اگلی فصل کی تیاری کے دوران وقت اور مالی رکاوٹوں سے نبردآزما ہیں۔

بھٹنڈہ میں کچھ کسانوں نے ایک سرکاری اہلکار کو روکا تھا جو کھیتوں میں آگ لگنے سے روکنے والی ٹیم کا حصہ تھا اور اسے بھوسے کا ڈھیرجلانے پر مجبورکیا۔

وزیر اعلی بھگونت مان نے ایکس ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کسانوں کی اس کارروائی کی مذمت کی اور واقعے کو ”ناقابل برداشت“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اہلکار کسانوں سے دھان کے بھوسے کو نہ جلانے کا کہنے کے لیے کھیتوں میں گیا تھا لیکن اسے بھوسہ جلانے پر مجبور کیا گیا۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اہلکار کا ہاتھ دو کسانوں نے پکڑ رکھا ہے اور اسے ماچس سے بھوسے کو آگ لگانے پر مجبور کر رہے ہیں۔

بٹھنڈہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گلنیت سنگھ کھرانہ کے مطابق واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کسانوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور ان کی گرفتاری کی تلاش جارہی ہے۔

پنجاب ریموٹ سینسنگ سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سیزن میں اب تک پنجاب میں بھوسہ جلانے کے 3230 تازہ واقعات سامنے آئے ہیں۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ نومبر میں کھیتوں میں آگ لگنے کے واقعات اس موسم میں بھوسہ جلانے کے کل واقعات کا 56 فیصد ہیں۔

Air pollution

ٰIndia

Indian Pollution