جنوبی افریقا کو 243 رنز کے بڑے مارجن سے شکست، بھارت کی ورلڈ کپ میں مسلسل آٹھویں کامیابی
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 37 ویں میچ میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل آٹھویں کامیابی حاصل کرلی۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 28 ویں اوور میں 83 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
یہ بھارت کی ایونٹ میں مسلسل آٹھویں کامیابی ہے، اس فتح کے ساتھ ہی بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ جنوبی افریقا کا دوسرا نمبر ہے۔
ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے۔
بھارت کی بیٹنگ
گزشتہ میچز کی طرح آج بھی بھارتی کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، بھارت کی پہلی وکٹ 62 رنز پر گری، کپتان روہت شرما 24 گیندوں پر 40 رنز بناکر کگیسو رباڈا کی گیند پر ٹمبا باووما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کو دوسرا نقصان 10.3 اوورز میں 93 رنز پر اٹھانا پڑا، شبمن گل 23 رنز بناکر کیشو مہاراج کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد تیسری وکٹ کی شراکت میں ویرات کوہلی اور شریاس ایر 134 رنز کی شراکت داری قائم اور ٹیم کا اسکور 227 تک پہنچایا تو شریاس ایر 87 گیندوں پر 77 رنز بناکر لنگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ گئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
بھارت کو چوتھی وکٹ 249 رنز پر گری، جب کے ایل راہول صرف 8 رنز بناکر اپنی وکٹ مارکو جانسن کو دے بیٹھے۔
بھارتی ٹیم کا اسکور 285 تک پہنچا تو سوریا کمار یادیو 5 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بناکر تبریز شمسی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد چھٹی وکٹ پر ویرات کوہلی اور رویندرا جڈیجہ کے درمیان 41 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
ویرات کوہلی نے 121 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر کیریئر کی 49ویں سنچری مکمل کی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
رویندرا جڈیجہ 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 15 گیندوں پر 29 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے اور جنوبی افریقا کے لیے 327 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج، کگیسو رباڈا، مارکو جانسن، لنگی نگیڈی اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقا کی بیٹنگ
بھارت کے 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔
مارکو جانسن 14 اور وین ڈر ڈوسین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اس کے علاوہ کپتان ٹمبا باووما اور ڈیوڈ ملر نے 11 ،11 رنز بنائے جبکہ ایڈن مارکرم 9 اور کیشو مہاراج 7 رنز بناسکے۔
یوں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 27.1 اوورز میں صرف 83 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور بھارت نے مقابلہ 243 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ لی۔
شاندار سنچری اسکور کرنے پر بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کوہلی نے ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا
ویرات کوہلی نے کولکتہ میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں اپنی 35 ویں سالگرہ کے دن شاندار سنچری اسکور کرکے ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کیا۔
کوہلی کی ون ڈے سنچریوں کی تعداد 49 ہوگئی ہے، انہوں نے یہ سنگ میل 289 ویں میچ میں عبور کیا۔اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے 463 ون ڈے میچز میں 49 سنچریاں اسکور کی تھیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر ایک نظر
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیمیں 8،8 میچز کھیل چکی ہیں، بھارت تاحال ناقابل شکست ہے جبکہ جنوبی افریقا نے 6 میچز جیتے اور 2 ہارے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ کا چوتھا نمبر ہے۔
گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
میچ کا ٹاس
بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا 37 واں میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں جنوبی افریقا اور بھارت ٹاپ آف دی ٹیبل ٹیمیں آمنے سامنے ہیں، بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر بھارتی کپتان روہت شرما نے نے کہا کوشش کریں گے کہ جیت کے تسلسل کو مزید بڑھائیں۔
جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جیرالڈ کوٹزی کی جگہ تبریز شمسی پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔
جنوبی افریقا کا اسکواڈ
جنوبی افریقی ٹیم میں کپتان ٹمبا باؤما، ایڈن مارکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی شامل ہیں۔
بھارت کا اسکواڈ
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت اب تک 7 میچز کھیل کر تمام میچز میں ناقابل شکست رہا ہے جبکہ جنوبی افریقا نے بھی 7 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 6 میں اسے کامیابی اور ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے اور جنوبی افریقا دوسرے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیمیں پہلے ہی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
جنوبی افریقا کے اوپننگ بلے باز کوئنٹن ڈی کوک 4 سیچریوں کی بدولت ٹورنامنٹ میں ابھی تک کے ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
آخری 5 میچز کا نتیجہ
آخری 5 میچوں کا رزلٹ دیکھا جائے تو بھارت ابھی تک سارے کے سارے میچ جیت چکا ہے جبکہ جنوبی افریقا کو ایک میچ میں شکست کا سامنا ہے، جنوبی افریقی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے شروع میں نیدرلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
ہیڈ ٹو ہیڈ
بھارت اور جنوبی افریقا ابھی تک 90 میچز میں آمنے سامنے آئے ہیں، جن میں جنوبی افریقا نے 50 میچز میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے جبکہ بھارت صرف 37 میچ جیت سکا ہے اور 3 میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔
پچ کنڈیشن
ایڈن گارڈنز کی پچ کسی خاص قسم کی بولنگ کے حق میں نہیں ہے، یہاں اس پچ پر تیز گیند بازوں نے اسپنرز کے مقابلے میں بہتر اسٹرائیک ریٹ پر وکٹیں حاصل کی ہیں، لیکن اسپنرز نے اس پچ پر کم اسکور دیے ہیں۔
موسم کی صورتحال
آج کے میچ میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، رات کے وقت، یہ 23 ڈگری تک گرنے کی توقع ہے۔
دوسری اننگز میں اوس بڑھنے کی امید ہے جو میچ میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہے جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس 160 کے آس پاس ہوگا۔
Comments are closed on this story.