Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

یہ عدالت اسد قیصر کی ضمانت نہیں دے سکتی، جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ
اپ ڈیٹ 04 نومبر 2023 01:38pm
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر۔ فوٹو — فائل
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر۔ فوٹو — فائل

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

اسد قیصر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

ایس ایچ اوتھانہ بنی گالا نے بتایا کہ اسد قیصر کو کرپشن کیس میں گرفتارکیا گیا ہے، جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجا جائے تاکہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا اپنی قانونی کارروائی مکمل کرکے انہیں اپنی تحویل میں لے سکے۔

ْ پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو کیا جلدی ہے، اسد قیصر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہیں اس کیس میں رہا کیا جائے، حفاظتی ضمانت کے لئے درخواست دائرکررہے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے اس موقع پر حفاظتی ضمانت نہیں دی جاسکتی، اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنے کے احکامات جاری کردیئے۔

عدالت نے اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو اسد قیصر کی تحویل سے متعلق ایک ہفتے میں قانونی کارروائی مکمل کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے گرفتار ہونے والے اسد قیصر کو محکمہ اینٹی کرپشن ضلع صوابی کے حوالہ کیا جائے گا۔

اینٹی کرپشن میں اسد قیصر کے خلاف درج ایف آئی آر کی کاپی بھی سامنے آگئی۔ اسد قیصر اور محکمہ صحت کے 4 افسران کے خلاف گجوخان میڈیکل کالج میں خردبرد کا الزام ہے۔

ایف آئی آر محکمہ اینٹی کرپشن کے سابق تفتیشی آفیسر ہدایت شاہ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، ایف آئی آر میں 406 پی پی سی سمیت تین دفعات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گرفتاری پر تحریک انصاف کا رد عمل

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اسلام آباد سے گرفتار

ایف آئی آر کے متن کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ گجوخان میڈیکل کالج صوابی میں الیکٹرو میگرافی مشین کی سی پی یو غائب کی گئی ہے، اسپتال کے لیے ناقص فرنیچر کی خریداری کی بھی اطلاع ملی تھی اور معاملہ کی تحقیقات میں اسد قیصر سمیت پانچ ملزمان قصوروار پائے گئے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ اسد قیصر سمیت پانچ ملزمان نے سرکاری خزانے کو 1 کروڑ 64 لاکھ 56 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسد قیصر کو کرپشن کے الزام میں بنی گالہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ گرفتارکیا گیا تھا۔

pti

اسلام آباد

Asad Qaiser

anti corruption