Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایمبولینسز پر اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ ہوں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

انتونیو گوتریس نے فوری طور پر تنازع کو روکنے کا مطالبہ کردیا
اپ ڈیٹ 04 نومبر 2023 01:53pm
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ میں الشفا اسپتال کے قریب سڑک پر لاشوں کی تصاویر ہولناک ہیں، ایمبولینسز پر اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ ہوں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جمعہ کے روز کہا کہ غزہ میں ایمبولینسوں کے قافلے پر اسرائیلی فورسز کے حملے سے ”خوفزدہ“ ہوں، جسے اب رکنا چاہیے۔

اے ایف پی کے مطابق فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا ہے کہ ایمبولینس کو غزہ شہر میں اسپتال میں داخل ہونے سے پہلے ہی چند فاصلے پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے نشانہ بنایا گیا،جس میں 15 افراد شہیداور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ اسپتال کے باہر سڑک پر بکھری لاشوں کی تصویریں افسوسناک ہیں۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایک ایمبولینس کو نشانہ بنایا ہے، جسے حماس کے جنگجوؤں نے میدان جنگ کے قریب استعمال تھا۔

جنگ پوری طاقت کے ساتھ جاری ہے، اسرائیل وزیر اعظم

امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن سے ملاقات کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کی جنگ پوری طاقت کے ساتھ جاری ہے، ایسی کوئی عارضی جنگ بندی نہیں ہوگی، جس میں یرغمالیوں کی واپسی شامل نہ ہو۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیلی حکام کے عام شہریوں پر حملے روکنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے، عام شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانے سے دنیا میں اسرائیل کی حمایت کم ہوگی۔

واضح رہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے معصوم بچوں کو نشانہ بنانے سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے، 27 دن کے دوران 12 ہزار سے زائد حملوں میں کم از کم 9 ہزار 227 فلسطینی شہید ہوگئے.

ان حملوں میں ایک تہائی سے زائد بچے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے اور لبنان سرحد پر بھی حملے تیز کر دیے ہیں۔

دنیا میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں

دنیا کے مختلف ملکوں میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین نے بچوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا اور اسرائیل سے جنگی جرائم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھیں

اسرائیلی فوج نے غزہ ایمبولینس پر حملے کی تصدیق کر دی

ساتھی صحافی کی شہادت کی لائیو خبر دینے والا رپورٹر آبدیدہ، اینکر بھی روپڑی

امریکا اسرائیل یا غزہ میں جنگی فوج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا، کملا ہیرس

اردن کے دارالحکومت عمان میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا گیا، یمن کے شہر صنعا میں بھی سیکڑوں افراد نے اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا اور فوری جنگ بندی کا مظاہرہ کیا۔

ترکیہ کے شہر استنبول میں سیکڑوں کار سواروں نے اسرائیلی سفارتخانے کی جانب ریلی نکالی اور غزہ میں جنگ روکنے کا مطالبہ کیا، جبکہ جاپان میں بحری بیڑے کے ذریعے احتجاج کرکےغزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔

گھانا میں بھی اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا گیا، صدر کی بیٹی بھی مظاہرین میں شامل تھی، جو فلسطینی بچوں کی شہادتوں پرآبدیدہ ہوگئیں۔

دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مغربی کنارے کے فلسطینی بھی غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، دنیا بھر میں مظاہرین غزہ میں اسرائیلی مظالم رکوانے کے مطالبے کر رہے ہیں۔

دوسری جانب لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا کہ حماس کا حملہ فلسطین کےچھپے ہوئے دشمنوں کوسامنے لے آیا ہے، مسجد اقصیٰ کیلئے جاری جنگ کا دائرہ طویل ہوگیا ہے۔

حسن نصر اللہ نے کہا کہ جنگ میں مزید محاذ کھول دیے ہیں، عراقی اور یمنی براہ راست جنگ میں شامل ہو چکے ہیں، ہم نہ جھکیں گےاور نہ کسی کے دباؤ میں آئیں گے.

انہوں نے کہا اسرائیل کے حملوں میں ہزاروں شہری شہید ہوچکے ہیں، دنیا بھر میں اسرائیل کی مذمت کی جارہی ہے، طوفان الاقصیٰ آپریشن صرف فلسطین اور فلسطینیوں کیلئے تھا۔

Israel Palestine conflict

Palestinian Israeli Conflict