Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسٹاک مارکیٹ میں 53 ہزار کی حد بحال، 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 53 ہزار 123 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا
اپ ڈیٹ 03 نومبر 2023 05:41pm
فوٹو — رائٹرز/ فائل
فوٹو — رائٹرز/ فائل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں 6 سال بعد پہلی بار 53 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی۔

عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے فوری بعد ہی معاشی اشاریوں میں بھی بہتری نظر آئی اور سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دلچسپی کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔

100 انڈیکس آج 53 ہزار کی سطح کو عبور کرتے ہوئے مئی 2017 میں انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران 53 ہزار 179 کی تاریخ کی بلند ترین سطح کو بھی عبور کر گیا۔

اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی کا تسلسل جاری ہے، سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی خریداری کے باعث 100 انڈیکس 544 پوائنٹس بڑھ گیا ہے۔

جمعہ کو پی ایس ایکس 100 انڈیکس کاروبار کے دوران پہلی بار 53 ہزار 200 پر جا پہنچا۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس میں 466 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 53 ہزار 123 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:

فی تولہ سونے کی قیمت میں سیکڑوں روپے کا اضافہ

4 ماہ میں تجارتی خسارہ 7 ارب 41 کروڑ ڈالر ریکارڈ، اعداد و شمار جاری

دوسری جانب سرمایہ کار کہتے ہیں مارکیٹ میں تیزی خوش آئند ہے۔ اور بعض سرمایہ کاروں کا کہنا ہے مارکیٹ ساڑھے 6 سال کی سطح پر ہے، مزید اچھی خبروں کے نتیجے میں مارکیٹ مزید اوپر جائے گی۔

سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات اور معاشی صورتحال میں مزید بہتری کے بعد مارکیٹ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 100 انڈیکس 314 پوائنٹس اضافے کے بعد 52 ہزار 656 پر بند یوا تھا۔

اس سے قبل 25 مئی 2017 کو کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 53 ہزار 127 پوائنٹس پر جا پہنچا تھا تاہم کے ایس ای 100 انڈیکس کبھی بھی 53 یا اس سے زائد پوائنٹس پر بند نہیں ہوا ہے۔

100 انڈیکس کی ریکارڈ حد 52 ہزار 876 ہے جو اس نے 24 مئی 2017 کو درج کی تھی۔

مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں موجودہ تیزی کی وجہ متعدد عوامل ہیں۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی تجزیہ کار ثنا توفیق کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے حکومتی اقدامات کے اعتراف سے اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

تجزیہ کار نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے کامیاب جائزے کے درمیان یہ رفتار جاری رہے گی جس سے مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

PSX

pakistan stock exchange

100 index

KSE 100 Index