Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈاکٹر فیصل سلطان کی عمران خان سے ملاقات، ’سلوپوائزننگ کی کوئی علامات نہیں‘

عمران خان بالکل بشاش اور اچھی صحت میں نظر آرہے تھے، ڈاکٹر فیصل سلطان
شائع 02 نومبر 2023 06:34pm

ڈاکٹر فیصل سلطان نے وکلاء کے ہمراہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اور انہیں مکمل صحت مند قرار دیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ناصرف عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے بلکہ ان کا طبی معائنہ بھی کیا گیا ہے۔

فیصل سلطان نے کہا کہ مجھے بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ عمران خان ’بالکل بشاش اور اچھی صحت میں نظر آرہے تھے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جیل ذرائع نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی چیرمین کو رات گئے معدے میں درد کی تکلیف تھی، جس پر ڈاکٹرز کی ٹیم نے بیرک میں پی ٹی آئی چیرمین کا چیک کیا، اور اس دوران جیل انتظامیہ بھی موجود تھی۔

جیل ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے پی ٹی آئی چیرمین کو ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

تاہم آج ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان سے ان کی صحت کے بارے میں پوچھا تو ’جواباً انہوں نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، ان کی کوئی ایسی شکایت نہیں تھی جس کا میں آپ کو بتاؤں‘۔

انہوں نے کہا کہ مجھے تسلی ہوئی یہ دیکھ کر کہ وہ ناصرف جسمانی بلکہ دماغی طور پر ہشاش، ایکٹیو اور ہمیشہ کی طرح جیسے وہ فٹ انسان ہیں ویسے ہی نظر آرہے ہیں۔

عمران خان کو سلو پوازننگ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جتنا میں نے ان کو دیکھا اور ان کا معائنہ کیا اس میں ’مجھے تو واضح طور پر ایسی کوئی چیز نظر نہیں آئی‘۔

فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے ان سے پوچھا بھی آپ کو ایسی کوئی علامات ہیں تو انہوں نے کہا ’نہیں‘۔

imran khan

Faisal Sultan

adiala jail

Slow Poisoning