Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوئٹہ: غیرقانونی مقیم افغانوں کے حق میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے پولیس افسر سمیت 3 اہلکار معطل

ہر پولیس اہلکار کیلئے سب سے پہلے محب وطنی اور قانون کی بالادستی اولین ترجیح ہونی چاہئیے، آئی جی
شائع 02 نومبر 2023 11:36am
اسکرین گریب — ویڈیو
اسکرین گریب — ویڈیو

کوئٹہ میں غیر ملکی افغان مہاجرین کے حق میں بیان دینے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

پولیس افسر نے ٹک ٹاک پر افغان مہاجرین کو پاکستان سے بے دخل نہ کرنے اور پولیس اہلکاروں کو غیر قانونی مقیم افغان شہریوں سے مناسب برتاؤ رکھنے کی درخواست کی تھی۔

ٹک ٹاک پر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اگر افغان مہاجرین سے ہمدردی رکھنے پر ہمیں نکالا جاتا ہے تو افغانستان جاکر ڈیوٹی کریں گے۔

ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ نے نوٹس لیا جس کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے واپسی کے عمل پر تنقید کرنے والے اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

معطل اہلکاروں میں اے,ایس,آئی داؤد خان سمیت 3 اہلکار شامل ہیں۔

آئی جی عبدالخالق شیخ کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والےمزید اہلکاروں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔

آئی جی بلوچستان کا کہنا ہے کہ ہر پولیس اہلکار کیلئے سب سے پہلے محب وطنی اور قانون کی بالادستی اولین ترجیح ہونی چاہئیے، افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے ان کے ملک بھیجنے کے عمل کا آغاز کیا جا چُکا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو طے شدہ منصوبے کے تحت افغانستان بھیجا جائے گا۔

Afghan Refugees Returning