Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

ورلڈکپ: بلے بازوں کے بعد بولرز کا کمال، جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے ہرادیا

358 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 36 ویں اوور میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 01 نومبر 2023 09:17pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 32 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 190 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں چھٹی جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 357 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 36 اوورز میں 167 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کے بعد جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگیا جبکہ نیوزی لینڈ کے 7 میچز میں 3 میں شکست کے بعد 8 پوائنٹس ہیں۔

پونے میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹیمبا باووما نے اننگ کا آغاز کیا لیکن کیویز بولرز کے سامنے دونوں اوپنر اپنی ٹیم ایک بڑی پارٹنر شپ نہ دے سکے اور 9ویں اوور میں 38 رنز پر جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ گر گئی، کپتان ٹیمبا باووما 24 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وین ڈر ڈوسن نے دوسری وکٹ پر 200 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنا کر بڑے اسکور کی بنیاد رکھی، دونوں نے سنچریاں بھی اسکور کی۔

کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار سینچری اسکور کی، جو ان کی رواں ورلڈ کپ میں یہ چوتھی سنچری ہے، 238 کے اسکور پر ڈی کوک 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 116 گیندوں پر 114 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد تیسری وکٹ پر راسی وین ڈر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے 43 گیندوں پر 78 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر اسکور کی اسپیڈ بڑھادی اور ٹیم کا اسکور 316 تک پہنچایا تو جنوبی افریقا کو وین ڈیر ڈوسن کی صورت میں چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔

راسی وین ڈر ڈوسن نے بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 9 چکوں کی مدد سے سینچری اسکور کی یہ ان کی ایونٹ میں دوسری سینچری ہے، جنوبی افریقی بلے باز 133 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

تاہم ڈیوڈ ملر نے جارحانہ اننگز کھیل کر اختتامی لمحات میں اسکور کارڈ کا نقشہ بدلتے ہوئے اپنی ٹیم کو ساڑھے 350 کا ہندسہ عبور کروادیا، ڈیوڈ ملر 30 گیندوں پر 53 رنز بنا کر جمی نیشم کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔

ہینرک کلاسن 15 اور ایڈن مارکرم 6 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔

یوں جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کے لیے 358 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 2، جیمز نیشم اور ٹرینٹ بولٹ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

جنوبی افریقا کے 358 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کیوی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی بیٹر جم کر جنوبی افریقا بولرز کا مقابلہ نہ کرسکا، نیوزی لینڈ کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگرز تک بھی نہ پہنچ سکے۔

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 08 کے مجموعی اسکور پر گری، اوپننگ بیٹر ڈیون کونوے 02 رنز بنا کر مارکو جینسن کی بال پر ایڈن مارکرم کے ہاتھوں سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دوسرا نقصان 45 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب ٹاب آرڈر بیٹر راچن راویندرا 09 رنز بنا کر مارکو جینسن کا شکار بنے۔

56 کے مجموعی اسکور پر 03 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، انہیں تیسرا نقصان اوپننگ بیٹر وِل ینگ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 33 رنز بنا کر جیرالڈ کوٹزی کی بال پر کوئنٹن ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 67 کے مجموعی اسکور پر گری، ٹام لیتھم 04 رنز بنا کر پویلین چل لوٹ گئے، انہیں کاگیکسو ربادا نے آؤٹ کیا۔

کیویز کا اسکور 90 تک پہنچا تو آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، پانچویں آؤٹ ہونے والی کھلاڑی ڈیرل مچل تھے، وہ محض 24 رنز بنا کر اسپن بولر کیشو مہاراج کا شکار بنے۔

نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان 100 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، مچل سینٹنر بھی کیشو مہاراج کا شکار بنے، انہوں نے 18 گیندوں پر 07 رنز بنائے۔

109 کے مجموعی اسکور پر ٹم ساؤتھی بھی 07 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جنوبی افریقی بولر مارکو جینسن نے انہیں ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے بعد ایک رنز کے اضافے سے 110 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ بھی گر گئی، جیمی نیشم بغیر کھاتہ کھولے کیشو مہاراج کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی نویں وکٹ 133 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹرینٹ بولٹ کیشو مہاراج کی گیند پر ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اختتامی لمحات میں گلین فلپس نے کراؤڈ کو محظوظ کیا اور ٹیم کا اسکور 167 رنز تک پہنچایا تو 60 رنز کی اننگز کھیل کر جیرالڈ کوٹزی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 35.3 اوورز میں 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں جنوبی افریقا نے میچ 190 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارکو جانسن نے 3، کوئٹزی نے 2 اور کاگیکسو رباڈا نے ایک وکٹ لی۔

جنوبی افریقا کے راسی ونڈر ڈوسن کو شاندار سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں جس کے پیش نظر کین ولیمسن کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

میچ کا ٹاس

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے مابین آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کا 32 واں میچ آج مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم پونے میں کھیلا جا رہا ہے، نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے خلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں جیت سے چند قدم کے فاصلے پر رہے تاہم کوشش کریں گے آج کے میچ میں کامیابی سمیٹیں اور اپنی پوزیشن مستحکم کریں۔

اس موقع پر جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ بہت زیادہ پُراعتماد ہیں، مومینٹم بنا ہوا ہے آج بھی اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں۔

دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں

جنوبی افریقا نے تبریز شمسی کی جگہ کاگیسو ربادا جبکہ نیوزی لینڈ نے لوکی فرگوسن کی جگہ ٹم ساؤتھی کو پلئینگ الیون میں جگہ دی ہے۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

نیوزی لینڈ کے 11 رکنی اسکواڈ میں کپتان ٹام لیتھم، ول ینگ، ڈیون کانوے، رچن روندرا، ڈیرن مچل، گلین فلپس، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کی پلیئنگ الیون

کپتان تیمبا باووما، وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک، رسی ون ڈر ڈسن، ایڈن مارکرم، ہینرچ کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جینسن، جیرالڈ کوئٹزی، کیشو مہاراج، کیگیسو رباڈا اور لنگی نگیڈی پروٹیز کے پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اب تک 06 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 04 جیتے اور 02 ہارے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم نے 06 میچز کھیل کر 05 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 71 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے جنوبی افریقا نے 41 جبکہ نیوزی لینڈ نے 25 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور 05 میچز بغیر نتیجہ ثابت ہوئے۔

پوائنٹس ٹیبل

آئی سی سی ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقا 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے تیسرے اور آسٹریلیا بھی 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

پچ رپورٹ

مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، پونے کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی لیکن اسپن بولرز کو اس پچ پر کافی مدد ملے گی اس لیے بیٹرز کے لیے بڑی شاٹس کھیلنا اتنا آسان نہ ہو گا۔

اس گراونڈ پر اب تک 09 ایک روزہ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں نے 04 جبکہ ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں نے 05 میچ جیتے ہیں۔

اس پچ پر کھیلے گئے آخری 09 میچز میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور294 رنز ہے۔

موسم کی صورتحال

پونے میں آج میچ کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکانات ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہوگا۔ آج کے میچ کے دوران بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ سیمی فائنل مرحلے میں جگہ بنانے کی دوڑ میں واپسی کی ہے، پاکستان کی اُمیدوں کو برقرار رہنے کے لئے آج جنوبی افریقا کو نیوزی لینڈ کو شکست دینا لازمی ہے۔

کیویز کو اپنے گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 5 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

New Zealand vs South Africa