Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

وائرل تصویر میں موجود ’عاصم جمیل‘ نے اپنی موت کی تردید کردی

'عاصم جمیل ضرور ہوں لیکن طارق جمیل کا بیٹا نہیں'
اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2023 07:04pm
Asim Jameel’s namesake refutes claims about his death - Aaj News

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ان کے ساتھ ایک تصویر بھی خوب وائرل ہوئی جس میں موجود شخص کو مولانا طارق جمیل کا بیٹا بتایا گیا، لیکن حیرت انگیز طور پر اس شخص نے مولانا طارق جمیل کا بیٹا ہونے سے انکار کردیا۔

مولانا طارق جمیل کا بیٹا بتائے جانے والے شخص ”عاصم جمیل“ نے خود کو ان کا بیٹا ماننے سے انکار کردیا۔

دراصل سوشل میڈیا پر عاصم جمیل کے نام سے دو تصاویر زیرِ گردش ہیں جن میں سے ایک تصویر جھوٹی ہے۔

تصویر میں دکھنے والا یہ شخص عاصم جمیل ضرور ہے، لیکن طارق جمیل کا بیٹا نہیں۔

دراصل عاصم جمیل جن کی تصویر سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق چلائی گئی وہ ایک انجینئر ہیں اور ”ٹریکنگ“ نامی کمپنی کے مالک ہیں۔

بظاہر ایک جیسا نام ہی اس کنفیوژن کا سبب بنا اور ”ٹریکنگ“ کمپنی کے مالک کی تصویر کو مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کی تصویر کی جگہ استعمال کیا گیا۔

تاہم، عاصم جمیل نے ایک انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ’جس وقت میری تصویر کے ساتھ (مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل) کے جاں بحق ہونے کی خبر وائرل ہوئی میں جہاز میں تھا اور پریشانی کے عالم میں میرے رشتے دار اور دوست کالز اور میسجز کرتے رہے لیکن رابطہ نہ ہوسکا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’جب میرا جہاز لینڈ ہوا تو میں نے سب کے میسجز اور کالز دیکھیں جس کے بعد مجھے اس معاملے کا پتہ چلا‘۔

انجینئر عاصم جمیل نے اپنے انٹرویو میں وضاحت کی کہ وہ مولانا طارق جمیل کے بیٹے نہیں ہیں اور میڈیا کو ہر ایک خبر اور تصویر تصدیق کے بعد ہی شائع کرنی چاہئے۔

اطلاعات کے مطابق پیمرا نے مرحوم عاصم جمیل کی غلط تصویر نشر کرنے پر متعدد ٹی وی چینلز کو نوٹسز بھی جاری کیے ہیں۔

Molana Tariq Jamil

Asim Jamil