Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت کی اہم شخصیات کے آئی فونز پر ’ریاست کی جانب سے‘ ہیک کیے جانے کا الرٹ موصول

مودی سرکار پہلے بھی اسرائیلی سافٹ وئیر 'پیگاسس' سے اپنی دشمنوں کی جاسوسی کرتی رہی ہے۔
شائع 31 اکتوبر 2023 05:50pm

ایپل نے کئی ہندوستانی اپوزیشن لیڈروں اور صحافیوں کو خبردار کیا ہے کہ ان کے آئی فونز کو ریاست کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ٹیکنالوجی جائنٹ نے منگل کو ممکنہ طور پر ’ریاستی ہیکنگ‘ سے متاثر ہونے والے افراد کو پیغامات بھیجے، جن میں لکھا تھا کہ ’اگر آپ کے ڈیوائس کو ریاست کے تحت کام کرنے ولاے ہیکرز نے نشانہ بنایا ہے تو وہ آپ کے حساس ڈیٹا، مواصلات، یا یہاں تک کہ کیمرہ اور مائکروفون تک دور سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں‘۔

کمپنی کی جانب سے الرٹ میں مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا گیا کہ ’اگرچہ ممکن ہے کہ یہ غلط الارم ہو، براہ کرم اس انتباہ کو سنجیدگی سے لیں‘۔

جن سیاست دانوں کو الرٹ موصول ہوا ان میں ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین پارٹی کے سربراہ اسد الدین اویسی، کانگریس لیڈر ششی تھرور اور ان کے ترجمان پون کھیرا اور سپریہ شرینے شامل تھے۔

دیگر ہندوستانی سیاست دان جنہیں ایپل سے الرٹ موصول ہوا ہے ان میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے سیتارام یچوری، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا، اور شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی شامل ہیں۔

اویسی کو چھوڑ کر باقی تمام سیاست دان اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیرقیادت بلاک کا مقابلہ کرنے کے لیے تقریباً دو درجن اپوزیشن جماعتوں کے ذریعے بنائے گئے ”انڈیا اتحاد“ کے رکن ہیں۔

شیو سینا پارٹی کے چترویدی نے الجزیرہ کو بتایا کہ یہ ’اپوزیشن لیڈروں پر ان کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے جدید ترین اسپائی ویئر کا استعمال کرتے ہوئے ایک مشترکہ حملہ تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ ملک کے وزیر اعظم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایپل کے دعوے کا جواب دیں۔ ایپل نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ ہمارے فونز پر ریاستی سرپرستی میں کیا گیا حملہ ہے اور حکومت نے اس کی تردید نہیں کی ہے‘۔

نیوز ویب سائٹ ”دی وائر“ کے بانی ایڈیٹر سدھارتھ وردراجن اور ”دکن کرونیکلز“ اخبار کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سری رام کری نے بھی کہا کہ انہیں ایپل کی طرف سے بھی اسی طرح کی وارننگ موصول ہوئی ہیں۔

دی وائر 17 میڈیا آؤٹ لیٹس اور ایمنسٹی انٹرنیشنل رائٹس گروپ کی 2021 کی تحقیقات کا حصہ تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ہندوستانی حکومت اپوزیشن کے سیاست دانوں، منحرف صحافیوں اور کارکنوں کی جاسوسی کے لیے پیگاسس کا استعمال کر رہی ہے، جو اسرائیل کی سائبر انٹیلی جنس کمپنی NSO گروپ کے ذریعے بنایا گیا ایک سپائی ویئر ہے۔

جن لوگوں کی تحقیقات کی گئی ہیں ان میں کانگریس کے راہول گاندھی، سابق بھارتی الیکشن کمشنر اشوک لواسا اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے سابق ڈائریکٹر آلوک ورما شامل ہیں۔ حکومت نے ان الزامات کی تردید کی۔

ہندوستان کی سپریم کورٹ نے اگست 2022 میں کہا تھا کہ اس کے پینل نے جن 29 فونز کی جانچ کی ان میں سے پانچ پر کچھ مالویئر پایا گیا تھا، لیکن یہ واضح نہیں تھا کہ آیا یہ پیگاسس تھا۔

india

Pegasus

Israeli Malware

iPhone hacking

Indian Government

iPhone Alert