ورلڈکپ: پاکستان کی بنگلہ دیش کیخلاف کامیابی، سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ میں خود کو شامل رکھا ہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 205 رنز کا ہدف پاکستان نے 33 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بنگلادیش کے خلاف کامیابی پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈ کپ میں تیسری کامیابی ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش نے 7 میچز کھیلے ہیں پاکستان کو 3 میں کامیابی جبکہ بنگلادیش صرف ایک میچ جیت سکا ہے، پاکستان کے خلاف شکست کے بعد بنگلادیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے بقیہ 2 میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہے۔
بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی بیٹنگ
بنگلہ دیشی اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا آغاز کیا اور اپنے ابتدائی 2 اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ میچ کی پانچویں گیند پر جبکہ دوسری وکٹ تیسرے اوورز میں 6 رنز پر گری۔
بنگلادیشی بیٹر تنزید حسن کو شاہین آفریدی نے صفر پر ایل بی ڈبلیو جبکہ نجم الحسین کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
شاہین آفریدی کے بعد حارث رؤف نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی، بنگلا دیش کی تیسری وکٹ چھٹے اوور میں 23 رنز پر گری جب مشفق الرحیم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں لٹن داس اور محمود اللّٰہ نے چوتھی وکٹ پر 79 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور 102 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 21 ویں اوورز میں لٹن داس 45 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بنگلا دیش کی پانچویں وکٹ 31 ویں اوور میں 130 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے محمود اللّٰہ کو 56 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔
اس کے بعد اگلے ہی اوور میں 140 کے مجموعی اسکور پر بنگلا دیش کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا، توحید ہری دوائے 7 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 185 رنز پر گری جب خطرناک دکھائی دے رہے شکیب الحسن حارث رؤف کی گیند پر 40 ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے، بنگلادیشی کپتان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلادیش کو آٹھواں نقصان 200 رنز پر ہوا، جب مہدی حسن میراز 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے، انہیں محمد وسیم جونیئر نے بولڈ کیا، اسی اوور میں وسیم نے پہلے تسکین احمد اور پھر اگلے اوور میں مستفیض الرحمان نے کو بولڈ کردیا، تسکین احمد نے 6 اور مستفیض الرحمان نے 3 رنز بنائے۔
اور یوں پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کے سبب بنگلادیش کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 45.1 اوورز میں 204 رنز پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 23 رنز دے کر 3 جبکہ محمد وسیم نے 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ حارث رؤف نے 2 جبکہ افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی بیٹنگ
بنگلادیش کے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے درمیان شاندار 128 رنز کی شراکت داری بنی۔
تاہم پھر عبداللہ شفیق 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 69 گیندوں پر 68 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، انہیں مہدی حسن میراز نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا اور وہ کچھ دیر کے ہی مہمان ٹھہرے۔ بابراعظم 16 گیندوں پر 9 رنز بناکر مہدی حسن میراز کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوگئے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی تیسری وکٹ 169 رنز پر فخر زمان کی صورت میں گری جب اوپننگ بلے باز چھکا مارتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے، فخر زمان نے 74 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
چوتھی وکٹ پر محمد رضوان اور افتخار احمد نے 36 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو جیت دلوائی، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 26 اور افتخار احمد 17 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
اور یوں گرین شرٹس نے بنگہ دیش کی جانب سے دیا گیا 205 رنز کا مطلوبہ ہدف 32.3 اوورز میں باآسانی پورا کرلیا اور 7 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی۔
شاندار بیٹنگ کرنے پر پاکستان کے فخر زمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
بنگلادیش کی جانب سے تینوں وکٹیں مہدی حسن میراز کے حصے میں آئی،اس کے علاوہ اور کوئی بولر وکٹ لینے میں ناکام رہا۔
شاہین شاہ کی تیز ترین 100 وکٹیں
شاہین آفریدی تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، انہوں نے 51 میچز میں 100 ون ڈے وکٹیں مکمل کیں جب کہ مچل اسٹارک نے 52 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کی تھیں۔
آئی سی سی کی فہرست میں پہلے نمبر پر نیپالی بولر سندیپ لمیچانے ہیں جنہوں نے 42 میچز میں 100 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسرے نمبر پر افغانستان کے راشد خان ہیں جنہوں نے 44 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ پاکستانی اسپن بولر ثقلین مشتاق 53 میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کرکے پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
میچ کا ٹاس
کولکتہ میں کھیلے جارہے ورلڈ کے 31 ویں میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے موقع پر شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ میچ میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ٹیم کا مورال بلند ہوسکے، میگا ایونٹ میں اب تک اُس طرح پرفارم نہیں کرسکے جس کی امید تھی۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے، پچھلے میچ میں ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کیا، کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔
قومی ٹیم میں تبدیلیاں
کولکٹہ میں بنگلادیش کے خلاف ہونے والے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق، محمد نواز اور شاداب خان کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کردیا گیا ۔
اوپننگ بیٹر فخر زمان کو امام الحق کی جگہ واپس اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا جبکہ محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ اسامہ میر ٹیم کا حصہ ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، وکٹ کیپر محمد رضوان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، اسامہ میر، محمد وسیم جونیئر، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
بنگلادیش کا اسکواڈ
بنگلہ دیشی ٹیم میں کپتان شکیب الحسن کی قیادت میں بنگلادیش اسکواڈ بشمول لٹن ڈاس، تنزد حسن، نجم الحسین شانٹو، مشفق الرحیم، محمود اللہ، توحد ہری دوئے، مہدی حسن، تاسکن احمد، مستفظر رحمان اورشریف الاسلام گرین شرٹس کے خلاف بنگلادیشی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
ورلڈ کپ میں کس ٹیم کی کارکردگی کیسی رہی؟
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ آہستہ آہستہ اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے، میگا یونٹ میں اب تک 30 مقابلے کھیلے جا چکے ہیں۔
شائقین کرکٹ کو مکمل ہونے والے 30 میچز میں سے صرف 02 کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے جن میں پہلا مقابلہ پاکستان اور جنوبی افریقا جبکہ دوسرا مقابلہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ تھا۔
رواں ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ متاثر کن کارکردگی افغانستان کرکٹ ٹیم کی رہی ہے جنہوں نے اپنے 06 میچز میں سے 03 میچز جیتے ہیں اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے علاوہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کو شکست دی ہے، اب تک کی کارکردگی کو دیکھ کر افغانستان کی ٹیم کو سپر فور مرحلے تک رسائی کے لیے فیورٹ سمجھا جانے لگا ہے۔
اب تک کی سب سے مایوس کُن کارکردگی دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم کی رہی ہے جس نے اب تک میگا ایونٹ میں واحد کامیابی بنگلہ دیش کے خلاف حاصل کی ہے جبکہ اسے 05 میچز میں شکست ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بھی متاثر کرنے والی نہیں لیکن ان کے لیے ’اگر مگر‘ کے ساتھ سپر فور مرحلے تک رسائی ممکن نظر آتی ہے اور اس کے لیے انہیں میگا یونٹ میں اپنے بقیہ تمام میچز میں کامیابی لازمی حاصل کرنا ہو گی۔
بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بظاہر سپر فور مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے لیکن وہ اپنے بقیہ میچز میں کامیابی حاصل کرکے 2025 میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی جگہ بناسکتی ہے کیوں کہ آئی سی سی نے یہ اعلان کیا ہے کہ رواں ورلڈ کپ میں ٹاپ 07 پوزیشن پر رہنے والی ٹیمیں میزبان پاکستان کے ہمراہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیلیں گی۔
ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر
پاکستان اور بنگلادیش آج رواں ورلڈ کپ میں اپنا ساتواں میچ کھیل رہے ہیں، قومی ٹیم کو 4 میچز میں ناکامی اور 2 میں جیت ملی۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک 06 میچز کھیل کر صرف ایک میچ میں کامیابی سمیٹی اور 5 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا
اِس ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدر لینڈز کو اور دوسرے میچ میں سری لنکا کو ہرایا تھا جس کے بعد پاکستان کو بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقا سے شکست ہوئی ہے۔
آج کے میچ کے بعد پاکستان کو اب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں اب تک 38 ایک روزہ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جن میں پاکستان نے 33 جبکہ بنگلہ دیش نے 05 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پچ رپورٹ
ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم کولکتہ کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی تاہم جیسے جیسے میچ آگے بڑھتا جائے گا اس پچ پر بڑی شاٹس کھیلنا مشکل ہوجائے گا اور اسپنرز کا کردار اہم ہوتا چلا جائے گا۔
اس پچ پر کھیلے گئے رواں ورلڈ کپ کے آخری میچ میں نیدر لینڈز کی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 229 رنز بنائے تھے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 142 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
اس میدان پر کھیلے گئے آخری 10 میچز میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 289 رنز ہے۔
اس پچ پر پہلے بلے بازی کر کے جیتنے والی ٹیموں کی جیت کی اوسط 80 فیصد ہے تو امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے بلے بازی کو ترجیح دے گی۔
موسم کی صورتحال
کولکتہ میں آج میچ کے دوران موسم گرم رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہوگا۔ میچ کے دوران بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں 30 میچز مکمل ہونے کے بعد 04 پوائنٹس کے ساتھ 07 ویں جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم 02 پوائنٹس کے ساتھ 09 ویں پوزیشن پر موجود ہے۔
میزبان بھارت کی ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے اور 12 پوائنٹس لے کر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔ جنوبی افریقہ دوسری، نیوزی لینڈ تیسری اور آسٹریلیا کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
Comments are closed on this story.