Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

اقوام متحدہ اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے پابندیاں عائد کرے، چوہدری سرور

لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بھی شرکت
شائع 29 اکتوبر 2023 06:26pm
اقوام متحدہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے پابندیاں عائد کرے، رہنما ق لیگ چوہدری سرور۔ فوٹو ــ فائل
اقوام متحدہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے پابندیاں عائد کرے، رہنما ق لیگ چوہدری سرور۔ فوٹو ــ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ق) نے لاہور میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارٹی چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے اقوام متحدہ سے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم روکنے کے لئے پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

لاہور پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاج میں پارٹی کارکنوں نے اسرائیل مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کی جانب سے اسرائیل مخالف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔

چوہدری سرور اور چوہدری شافع حسین کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔

ق لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی بمباری سے 7 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، پوری دنیا میں فلسطین کے حق میں مظاہرے ہورہے ہیں، مسلمان مر رہے ہیں اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل نہتے فسلطینیوں کا خون بہا رہا ہے، کیا آپ فلسطین پر ڈھائے گئے مظالم نہیں دیکھ سکتے۔ اقوام متحدہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ پورا غزہ اسرائیل نے تباہ کر دیا ہے، وہاں ضروری اشیاء نہیں پہنچائی جارہی ہیں۔ تمام مسلمانوں کو اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔

Gaza

PMLQ

Israel Palestine conflict