Aaj News

منگل, نومبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Awwal 1446  

ایک اور کھلاڑی عمران خان کا ساتھ چھوڑ گیا

عمران خان کے بیانیے سے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا، چوہدری ساجد محمود
شائع 29 اکتوبر 2023 05:11pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری ساجد محمود نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا۔

چوہدری ساجد محمود نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے 9 مئی واقعے کی پُرزور مذمت کرتا ہوں۔

پی ٹی آءی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ساجد محمود کو 26 اکتوبر کو دولتالہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 2008 میں پی ٹی آئی جوائن کی تھی، 9 مئی کے واقعے نے پاکستان کی سیاست کو ہلا کر رکھ دیا۔

چوہدری ساجد کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانیے سے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعے سے ’پاکستان ، پاک آرمی اور پاکستان تحریک انصاف کو بہت بڑا نقصان ہوا، جس کی قجہ سے آج وطن عزیز پاکستان میں بدامنی ہے، معاشی بحران ہے، امن و امان تباہ ہوچکا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں اس قسم کا بیانیہ اور اس قسم کا واقعہ نہ ہی ہوتا تو اچھا تھا‘۔

چوہدری ساجد نے کہا کہ جہاں جہاں بھی پی ٹی آئی کے ورکرز ہیں میں آج ان سب سے ’ہاتھ جوڑ کر معافی کا طلبگار ہوں، میں ان سے معافی مانگتا ہوں کہ آپ جس طرح مجھ سے محبت کرتے تھے، لیکن آض میں اس بیانیے کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف میں نہیں رہ سکتا، میں آج باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں اور اس کے بعد میرا کوئی لینا اور دینا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ہے‘۔

جب صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ پر کوئی پریشر تھا؟ تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا اور ہاتھ اٹھا کر کہا کہ ’بس بھائی مہربانی کرو‘۔

pti

Chaudhry Sajid Mehmood