Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

غزہ میں اسرائیل کی زمینی و فوجی کارروائیاں، دنیا بھر میں آج بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے

یورپ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے شہروں میں ہزاروں مظاہرین کی فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیاں
اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2023 11:59pm
غزہ میں اسرائیل کی زمینی و فوجی کارروائیاں، دنیا بھر میں آج بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے۔ فوٹو ــ روئٹرز
غزہ میں اسرائیل کی زمینی و فوجی کارروائیاں، دنیا بھر میں آج بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے۔ فوٹو ــ روئٹرز

مختلف ممالک میں آج بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے گئے، شرکاء نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں فوری روکنے اور انسانی جانوں کو بچانے کا مطالبہ کیا۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے اموات کی تعداد 7 ہزار 650 تک پہنچ گئی ہے۔

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی فضائی اور زمینی کارروائیوں میں اضافے کے بعد یورپ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے شہروں میں ہزاروں مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیاں نکالیں۔

لندن مظاہرہ

لندن میں ہونے والے سب سے بڑے مارچ میں فضائی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر اعظم رشی سنک کی حکومت سے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ دارالحکومت کے وسط میں مارچ کر رہے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سپر پاور اس وقت خاطر خواہ کام نہیں کر رہے اسی لئے شہریوں کو سڑکوں پر آنا پڑا ہے۔

شرکا نے کہا کہ ہم جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں، فلسطینیوں کے حقوق کا خیال کیا جائے، غزہ میں وحشیانہ کارروائیاں بند کی جائیں۔

لندن میں اسرائیلی سفارت خانے کے ارد گرد ہونے والے مظاہروں پر خصوصی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

ہفتے کے روز ہونے والا مارچ پرامن تھا لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے دو گرفتاریاں کی ہیں جن میں سے ایک مارچ کے راستے میں ایک پولیس افسر پر حملے کے بعد اور دوسری گرفتاری نسل پرستانہ طور پر امن عامہ کی سنگین خلاف ورزی کے شبے میں کی گئی۔

پولیس کا اندازہ ہے کہ مارچ میں 50،000 سے 70،000 افراد نے شرکت کی تھی۔

غزہ کے حق میں لوگ لندن کے علاوہ یورپ کے دیگر شہروں کوپن ہیگن، روم اور اسٹاک ہوم کی سڑکوں پر نکل آئے۔

فرانس میں پابندی کے باوجود شہری سڑکوں پر آئے

فرانس میں حکومت نے ریلیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ ان سے سماجی تناؤ بڑھ سکتا ہے لیکن پیرس میں پابندی کے باوجود ہفتے کے روز ریلی نکالی گئی۔ جنوبی شہر مارسیل میں بھی سینکڑوں افراد نے مارچ کیا۔

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں ہزاروں افراد غزہ کے عوام کے حق میں سڑکوں پر آئے۔

مظاہرین نٓنے فلسطینی جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’آزاد فلسطین‘ کے نعرے درج تھے۔

ملائیشیا میں امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج

ملائیشیا کے عوام بھی غزہ کے شہریوں کی نسل کشی کے خلاف سڑکوں پر آئے۔

شرکا نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی فضائی اور زمینی کارروائیاں رکوانے میں کردار ادا کرے۔

مظاہرین کی بڑی تعداد نے کوالالمپور میں امریکی سفارت خانے کے باہر نعرے بازی کی۔

ترکی میں ریلی

ترکی کے شہری بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں گھروں سے نکلے۔

صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کے دوران اسرائیل کو غاصب قرار دیتے ہوئے حماس کے دہشت گرد تنظیم نہ ہونے کے بارے میں اپنے موقف کا اعادہ کیا۔

عراق میں مظاہرہ

عراقی دارالحکومت بغداد میں ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے حصہ لیا۔

مظاہرین نے اسرائیلی مصنوعات کے عالمی بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے کہ فلسطین کے بچوں کے قتل عام میں حصہ نہ لیا جائے۔

واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے ہفتے کے روز جاری ہونے والی روزانہ کی رپورٹ کے مطابق تین ہفتے قبل اسرائیل کی بمباری شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں اموات کی تعداد 7650 تک پہنچ گئی ہے جن میں ہزاروں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

israeli air strikes

Israel Palestine conflict

Hamas Israel attack 2023