Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈکپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست، آسٹریلیا کی مسلسل چوتھی فتح

389 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز 9 وکٹوں پر 383 رنز ہی بناسکے
اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2023 06:38pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 27ویں میچ میں آسٹریلیا نے سنسنسی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 رنز سے شکست دے دی۔

دھرمشالہ کے ہماچل پردیش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 389 رن کا پہاڑ جیسا ہدف دیا، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی خوب مقابلہ کیا تاہم میچ کے نتائج اپنے حق میں نہ کرسکی، کیوی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 383 رن بناسکی۔

دھرم شالہ میں کھیلے گئے اس میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 758 رنز اسکور کیے، یوں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں یہ سب سے ہائی اسکورنگ میچ تھا۔

اس سے پہلے 2007 میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں مجموعی طور پر 696 رنز بنے تھے۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ

ورلڈ کپ کے 27 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جس میں آسٹریلوی بیٹرز نے چھکے اور چوکوں کی برسات کر ڈالی۔

آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 175 رنز پر گری جب اوپنر ڈیوڈ وارنر 65 گیندوں پر 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ 200 رنز پر گری، ٹریوس ہیڈ 67 گیندوں پر 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ٹریس ہیڈ نے رواں ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں ہی کیویز کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی۔

اسٹیو سمتھ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جنہوں نے 17 بالز پر 18 رنز بنائے۔ چوتھی وکٹ 264 رنز پر گری جب مچل مارش 51 بالز پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 274 پر گری جب مارنس لیبوشینگ 26 بالز پر 18 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کینگروز کو چھٹا نقصان 325 کے اسکور پر اٹھانا پڑا، گلین میکسویل 24 بالز پر 41 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، ساتویں وکٹ 387 کے اسکور پر گری جب جوش انگلیس 28 بالز پر 38 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ 388 کے اسکور پر گری جب پیٹ کمنز 14 بالز پر 37 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 388 رنز پر ہی کینگروز نویں اور دسویں وکٹس بھی گرگئیں، ایڈم زامپا، اور مچل سٹارک بالترتیب صفر اور ایک رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔

یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49.2 اوور میں 388 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس نے 3,3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل سینٹنر نے 2 اور میٹ ہینری اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

آسٹریلیا کے 388 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کے اوپنر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، دونوں اوپنر بیٹر محض 60 رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ61 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیون کونوے 7.2 اوورز میں 28 رنز بنا کر ہزلےووڈ کی گیند پر اسٹار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، جب کہ ان کے ساتھی اوپنر بیٹر ول ینگ 72 کے مجموعی اسکور پر 32 رنز بنا کر ہزلے ووڈ کی گیند پر ہی مچل اسٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 9.4 اوورز میں 168 کے مجموعی اسکور پر گری، ڈیرل مچل 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنا کر زیمپا کی گیند پر مچل اسٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

کیویز کو چھٹا نقصان 31.2 اوورز میں 222 کے مجموعی ہوا، ٹام لیتھم 21 رنز بنا کر ایڈم زیمپا کی گیند پر ہزلے ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 36.6 اوورز میں 265 کے مجموعی اسکور پر گری جب گلن فلپس 12 رنز بنا کر میکسول کی گیند پر لابسچگنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

چھٹی وکٹ 293 کے مجموعی اسکور پر گری، راچن رویندرا انتہائی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد 9 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 89 گیندوں پر 116 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند کیچ آؤٹ ہو گئے، وہ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹاپ اسکور بھی رہے۔

نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 320 کے مجموعی اسکور پر گری جب مچل سینٹنر محض 117 رنز بنا کر زیمپا کی گیند پر میکسول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

آٹھویں وکٹ 346 کے مجموعی اسکور پر گری جب میٹ ہنری محض 9 رنز بنا کر کومنس کی گیند پر ہزلے ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، یہ وہ موقع تھا جب دوسری جانب جیمز نیشیم نے کھیل کو انتہائی دلچسپ مرحلے میں ڈال دیا تھا، اس وقت میچ آسٹریلیا کی گرفت سے نکلتا ہوا نظر آ رہا تھا کہ رنز لیتے ہوئے جیمز نیشیم 3 چوکوں اور 3 چھکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

اس وقت 3 گیندوں پر نیوزی لینڈ کو 7 رنز درکار تھے، ٹرنٹ بولٹ نے 10 جبکہ لوکی فرگوسن بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں 389 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 383 رنز ہی بناسکی اور آسٹریلیا نے میچ 5 رنز سے جیت لیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم زمپا نے3، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے 2،2 وکٹ لیے جبکہ ایک وکٹ گلین میکسویل کے حصے میں آئی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار بلے بازی کرنے پر آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

میچ کا ٹاس

قبل ازیں بھارتی شہر دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس نیوزی لیںڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اس موقع پر ٹام لیتھم نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں، پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، مارک چیپ مین کی جگہ جیمز نیشم کو شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ کھلاڑی فارم میں ہیں، مسلسل دو میچوں میں کامیابی سے اعتماد بحال ہوا ہے، میچ میں جیت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

آسٹریلیا اسکواڈ

کپتان پیٹ کمنز کے علاوہ کینگروز کے پلیئنگ الیون میں ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، اسٹیو سمتھ، مچل مارش، مارکس لبوشین، گلین میکس ویل، وکٹ کیپر جاش انگلس، مچل اسٹاکر، جاش ہیزل ووٹ اور ایڈم زیمپا شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون

آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کیویز کی پلیئنگ الیون میں کپتان ٹام لیتھم، ڈیون کانوے، ول ینگ، رچن روندرا، ڈیرل مچل، گلین فلفس، مچل سینٹنر، جیمز نیشم، میٹ ہنری، ٹرینٹ بولٹ اور لوکی فرگوسن آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کیویز کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیمیں ایک روزہ میچز میں اب تک 141 بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں جن میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 95 جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 39 میچز جیتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین07 میچ بغیر نتیجہ رہے۔

پچ رپورٹ

ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، دھرم شالہ کی پچ بیٹرز کے لیے سازگاربتائی گئی ہے، تاہم اس پچ پر تیز بولرز کو شروع کے 10 اوورز میں مدد ملے گی۔

اس میدان میں رواں ورلڈ کپ میں اب تک 04 میچز کھیلے جا چکے ہیں اور ٹاس جیتنے والی ٹیم نے دوسری ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے۔

موسم کی صورتحال

آج میچ کے دوران دھرم شالہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

نیوزی لینڈ کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کی پوائنٹس ٹیبل پر 08 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ آسٹریلین ٹیم 06 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم 10 پوائنٹس لے کر پہلی اور بھارت کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے۔

Australia

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

AusvsNz