Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

لنڈی کوتل : غیرقانونی افغان باشندوں کیلئے ’فیسلیٹیشن‘ کیمپ قائم

افغان باشندوں کو دستاویزات کی کارروائی کے بعد طور خم کے راستے بھیجا جائے گا
شائع 26 اکتوبر 2023 09:30pm
لنڈی کوتل : غیرقانونی افغان باشندوں کیلئے ’فیسلیٹیشن‘ کیمپ قائم۔ فوٹو ــ فائل
لنڈی کوتل : غیرقانونی افغان باشندوں کیلئے ’فیسلیٹیشن‘ کیمپ قائم۔ فوٹو ــ فائل

غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے انخلا میں پانچ دن باقی ہیں۔ افغان باشندوں کے لئے پہلا ٹرانزٹ کیمپ لنڈی کوتل میں قائم کردیا گیا۔

عارضی کیمپ کےلیے مقامی افراد سے زمین کا تین ماہ کیےلیے معاہدہ ہوگیا ہے۔

کیمپ کے لئے 30 کنال کی اراضی حاصل کرنے کی تحریری معاہدہ آج نیوز نے حاصل کر لیا۔

معاہدے میں بتایا گیا ہے کہ ٹرانزٹ کیمپ میں واپس جانے والے افغان باشندوں کی دستاویزات کی کارروائی کے بعد طورخم کے راستے بھیجا جائے گا۔

کیمپ کے لئے مقامی افراد اور پی ڈی ایم اے کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے۔

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ تمام افراد کی نشاندہی کرلی ہے، غیرقانونی مقیم افراد رضا کا رانہ طور پر ملک چھوڑ دیں، یکم نومبر کے بعد سختی سے نمٹا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ غیرقانونی افراد جرائم میں ملوث ہیں، انخلا کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی، غیرقانونی خاندان پچاس ہزار نقد رقم لے جاسکتے ہیں۔

سرفراز بگٹی کے مطابق جو بھی پاکستان آنا چاہتا ہے ویزا لیکر آئے، نادرا کا غیرقانونی شناختی کارڈ رکھنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری طرف نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا ہے کہ سندھ میں کسی غیر قانونی مقیم شخص کو رہنے کی اجازت نہیں ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ غیرقانونی افراد فوری طور پر اپنے ملک واپس چلے جائیں، رجسٹرڈ افغان مہاجرین ہمارے مہمان رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیرقانونی مقیم غیرملکی کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے، جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے والوں کیخلاف حکومت ایکشن لے رہی ہے۔

Pakistan Law and order situation

sarfaraz bugti

Illegal Afghan Immigrants