جنوبی افریقا کیخلاف اہم میچ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں کی بھرپور پریکٹس
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف اہم میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے چنائے میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں جمعہ کو جنوبی افریقا سے میچ کھیلے گی اور ورلڈ کپ میں بقا کے لیے اس میچ میں جیت اہم ہے، پاکستان ٹیم کو پچھلے 3 میچز میں شکست ہوئی تھی۔
میچ سے قبل جمعرات کو پاکستان ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن رکھا گیا جس میں ورلڈ کپ پلیئنگ اسکواڈ کے 8 اور ریزرو اسکواڈ کے تینوں پلیئرز نے حصہ لیا۔
فاسٹ بولرز شاہین آفریدی، حارث روف اور حسن علی پریکٹس سیشن میں نہ آئے ، وکٹ کیپر محمد رضوان، اوپنر عبداللہ شفیق ، اسپنر اسامہ میر اور آل راؤنڈر محمد نواز نے بھی آرام کو ترجیح دی۔
ڈھائی گھنٹے جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن میں جو پلیئرز موجود تھے ان میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ امام الحق، فخر زمان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، وسیم جونیئر اور سعود شکیل شامل ہیں۔
ریزرو اسکواڈ کے ابرار احمد، محمد حارث اور زمان خان نے بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔
پریکٹس سیشن کے دوران پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر، کپتان بابر اعظم کے ساتھ گفتگو کرتے رہے جبکہ کھلاڑیوں نے خامیوں پر قابو پانے کے لیے نیٹس میں جم کر بیٹنگ اور بولنگ کی بھی پریکٹس کی۔
یاد رہے کہ پاکستان میگا ایونٹ میں اپنا چھٹا میچ جنوبی افریقا کے خلاف کل کھیلے گا، سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو اپنے چاروں میچز میں فتح درکار ہے، پاکستان نیدرلینڈز اور سری لنکا سے جیتا جبکہ بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان سے ہارا ہے۔
Comments are closed on this story.