Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پولیس کی پھرتی، نجی بینک سے 87 لاکھ روپے لوٹنے والے ملزمان گرفتار

آئی جی سندھ نے پولیس کے لیے 10 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کردیا
شائع 26 اکتوبر 2023 09:25pm

کراچی میں گزشتہ روز شادمان ٹاؤن میں بینک ڈکیتی میں ملوث 5 ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا، ملزمان سے لوٹے گئے 87 لاکھ میں سے 80 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے۔

کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں نجی بینک میں ڈکیتی کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واردات میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان سے 87 لاکھ روپے میں سے 80 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے، ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ، 2 موٹرسائیکل، بینک کے گارڈز سے چھینا ہوا اسلحہ، کپڑے، ٹوپی، ماسک اور دیگر اشیاء بھی برآمد کرلی گئیں۔

گرفتار ہونے والے ملزمان میں اسحاق، صدیق، عبد الغفار ، منصور اور عمران شامل ہیں۔

ملزمان گارڈز کی غفلت اور چیکنگ نہ کرنے کی وجہ سے اسلحہ لے کر بینک میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، ملزمان اس سے قبل سنگین مقدمات میں بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔

آئی جی سندھ نے اہم کیس کو حل کرنے اور بینک سے لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی پر ایس ایس ڈسٹرکٹ سینٹرل اور پوری ٹیم کو شاباشی دی۔

آئی جی سندھ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 10 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔

قبل ازیں 4 ڈاکو شادمان ٹاؤن میں واقع نجی بینک سے 86 لاکھ 89 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے اور نجی کمپنی کے 2 گارڈز کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں دن دہاڑے نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات ہوئی اور 4 ڈاکو 86 لاکھ روپے سے زائد رقم لے کر باآسانی فرار ہوگئے۔

واقعہ کا مقدمہ بینک آپریشن مینیجر کی مدعیت میں ڈکیتی کی دفعات کے تحت شارع نور جہاں تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، اور پولیس نے نجی کمپنی کے دو گارڈز سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق واردات 2 بج کر 50 منٹ پر کی گئی، جب ایک ملزم بینک میں داخل ہوا، اور ڈیپازٹ سلپ اٹھانے کے بعد اسلحہ نکالا، ملزمان کے تین ساتھیوں نے تمام افراد کو اپنی جگہ رکنے کا کہا اور گارڈ کو یرغمال بنا کر اندر لے گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق ایک ملزم نے کیش کاونٹر پر آکر 86 لاکھ 89 ہزار روپے لوٹے، اور اس کے ساتھیوں نے نجی کمپنی کے 2 گارڈز سے اسلحہ چھینا اور سب لے کر فرار ہوگئے، ملزمان کی عمریں 20 سے 30 سال تھی۔

بینک میں ڈکیتی کی تصاویر مل گئیں

پولیس کے مطابق ملزمان کی تصاویر حاصل کرلی گئیں ہیں، جس میں ملزمان کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ملزمان کیش کاؤنٹر کا صفایا کرتے ہیں اور ایک ملزم جدید اسلحہ کے ساتھ بینک میں دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ تمام ملزمان ماسک اور کیپ لگائے ہوئے ہیں، تصاویر کی مدد سے ملزمان کی تلاش کاعمل جاری ہے۔

Robbery

bank robbery

karachi robbers