Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ورلڈ کپ تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی

400 رنز کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 21 اوورز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی
شائع 25 اکتوبر 2023 08:45pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 24ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ

آسٹریلیا کی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں 28 رنز پر گرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے پارٹنر شپ قائم کی اور اسکور 160 رنز تک پہنچایا۔

اس کے بعد 23.3 اوورز میں آسٹریلیا کی دوسری وکٹ گری جب اسٹیو اسمتھ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کے درمیان 84 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ لبوشین 62 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

جوش انگلس 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈیوڈ وارنر تھے جنہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 93 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے اور کولن وین بیک کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ کیمرون گرین کی صورت میں گری جب وہ 290 کے مجموعے پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد گلین میکس ویل نے نیدرلینڈز کے بولرز کی خوب دھلائی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری جڑ دی، ساتویں وکٹ پر 44 گیندوں پر 103 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس میں میکس ویل کے 93 رنز شامل تھے۔

گلین میکس ویل 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیل کر آخر اوور میں کولن وین بیک کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان پیٹ کمنز 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

اس طرح آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے اور نیدرلینڈز کے لیے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف سیٹ کیا۔

نیدرلینڈز کی جانب سے لوگان وین بیک نے10 اوورز میں 74 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ باس ڈی لیڈے نے 2 اور آریان دت نے ایک وکٹ لی۔

میکسویل نے ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی

نیدرلینڈز کے خلاف میکسویل نے 40گیندوں پر 8چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ورلڈکپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی۔

انہوں نے نیدرلینڈز کے خلاف 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلوی بیٹر کی اننگز میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم کے پاس تھا جنہوں نے رواں ورلڈکپ میں ہی سری لنکا کے خلاف 49 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

میچ کا ٹاس

قبل ازیں ورلڈ کپ کے 24 ویں میچ کا ٹاس آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کےلیے اچھی لگ رہی ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی ہے، مارک اسٹوئنس میچ نہیں کھیلیں گے۔

دوسری جانب ہالینڈ کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

واضح رہے کہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی چوتھی پوزیشن ہے جبکہ نیدرلینڈز ساتویں پوزیشن پر براجمان ہے۔

دونوں ٹیمیں اب تک اس ورلڈ کپ میں 4،4 میچز کھیل چکی ہیں، آسٹریلیا نے 2 جبکہ نیدر لینڈز نے ایک میچ جیتا ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

آسٹریلیا اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں ایک روزہ میچز میں اب تک 02 بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں اور دونوں ہی میچز آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

آسٹریلوی ٹیم میں پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔

##نیدر لینڈز کا اسکواڈ

نیدر لینڈز کی ٹیم میں اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، وکرم سنگھ، تیجا ندامانورو، پال وین میکرین، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، ریان کلین، ویسلے بیریسی، ثاقب ذوالفقار، شاریز احمد اور سائبرینڈ اینجلبرچٹ شامل ہیں۔

india

cricket

Australia

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

dehli

Netherland

australia vs netherlands