Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ورلڈ کپ: پاک افغان میچ پھنسنے پر افتخار احمد کس سے بات کررہے تھے؟ پُراسرار ویڈیو وائرل

افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی لڑکھڑاتی کارکردگی ہرجگہ زیرِ بحث ہے
شائع 25 اکتوبر 2023 12:25pm
تصویر: انی ڈی ٹی وی/ویب سائٹ
تصویر: انی ڈی ٹی وی/ویب سائٹ

ورلڈ کپ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی لڑکھڑاتی کارکردگی ہرجگہ زیرِ بحث ہے، اس میچ کے دوران سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے بھی مداحوں میں کافی سوالات کو جنم دیا ہے۔

ویڈیو میں گرین شرٹس کے آل راؤنڈرافتخاراحمد کو کسی سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

لیکن جو بات اچنبھے کا باعث بنی وہ شائقین کی اس فریم میں کسی کو بھی تلاش کرنے میں ناکامی ہے کیونکہ افتخار احمد کے سامنے کوئی نہیں جس سے وہ بات کررہے ہوں۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہوئی اور کرکٹ شائقین معمہ حل کرنے کی کوشش میں جُت گئے۔

مزید پڑھیں:

شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈکپ میں اپنے سسر کا کون سا ریکارڈ برابر کردیا؟

آئی سی سی نےسابق کپتان سلیم ملک کو کلین چٹ دے دی

ورلڈ کپ: پاکستان کے فائنل 4 میں جگہ بنانے کے کیا امکانات ہیں

کسی نے امکان ظاہر کیا کہ افتخار اپنے تصوراتی دوست سے بات کررہے ہیں تو کسی کو لگا کہ ان کے پاس کوئی ٹیلی کمیونیکیشن ڈیوائس ہے۔

بہت سے مداحوں نے ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرشیئر کرتے ہوئے سوال اُٹھایا کہ، ’کیا کوئی بتا سکتا ہے کہ افتخار کس سے بات کر رہے ہیں‘ تاہم اس معمے کو حل کرنے کے لیے کوئی ٹھوس بنیاد موجود نہیں۔

افغانستان کے ہاتھوں مایوس کن شکست کے بعد افتخار احمد نے اعتراف کیا تھا کہ ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان کے اسپنرزانتہائی غیرمؤثررہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں فنگر اسپنرز موجود ہیں جن میں، میں اور محمد نواز بھی شامل ہیں۔ ہمارے اسپنرز کا کردار یہاں اتنا موثر نہیں رہا ہے۔ لیکن ہم بہتری لانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔

افتی چاچا کا مزید کہنا تھا کہ ’سچ کہوں تو یہ 300 سے زیادہ رنزکی وکٹ تھی۔ لیکن افغانستان کے بالرزنےہمیں پریشان کیا۔ بیٹنگ یونٹ کی حیثیت سے ہمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے‘۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ نے بھی انہیں پیچھے چھوڑدیا ہے۔

افتخار احمد کا یہ بھی ماننا ہے کہ ہم نے اپنی فیلڈنگ کے دوران بہت سی غلطیاں کیں، میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ابھی ہمارے پاس یہی واحد آپشن ہے۔ اگر آپ عالمی معیار کی ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں تو آپ کو تمام شعبوں میں یکساں سطح پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 5 میچ کھیل کر مسلسل 3 میچزمیں شکست سے دوچار ہوچکی ہے، سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے گرین شرٹس کو اپنے بقیہ میچز جیتنے ہوں گے، اس کے باجود بھی انہیں اگرمگر کے چکر کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Pakistan Cricket Team

Pakistan vs Afghanistan

lifestyle

Iftikhar Ahmad