جنوبی افریقا نے بنگال ٹائیگرز کو دھول چٹا دی، 149 رنز سے شکست
ورلڈکپ کے 23ویں میچ میں جنوبی افریقا نے بنگال ٹائیگرز کو 149 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
دونوں ٹیمیں بھارت کے وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل آئیں۔ جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے 382 رنز بنائے۔
پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور مقررہ 50 اوورز بھی نہ کھیل پائی۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 47 اوورز میں 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسطرح جنوبی افریقا نے ایک اور فتح اپنے نام کرلی۔
ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کی یہ چوتھی ناکامی اور جنوبی افریقا کی چوتھی کامیابی ہے۔
پروٹیز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی طرف سے محمود اللہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 111 رنز بنائے لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔ جبکہ لٹن داس 22 ، نسم احمد 19 اور حسن محمود 15 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے جیرالڈ کوئٹزی نے 3، مارکو یانسین، لزاڈ ولیمز اور کگیسو رباڈا نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ کیشو مہاراج نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں بنگلہ دیش کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے۔ اور بنگلہ دیشی بولرز کی خوب درگت بنائی۔
میچ میں بھرپور پرفارمنس دینے والے کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈکپ میں تیسری سنچری بنائی۔
پروٹیز اوپنرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ راسی وین ڈیر ڈوسن 12 اور ریزا ہینڈرکس ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ایڈن مارکرم نے 60 قیمتی رنز بنائے۔
کوئنٹن ڈی کوک اور ہینرک کلاسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 264 رنز اسکور کیے۔
ڈی کوک نے دھواں دھار اننگ کھیلتے ہوئے 140 گیندوں پر 7 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 174 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کے ہینرک کلاسن نے بھی جارحانہ اننگ کھیلی اور 49 گیندوں پر 90 رنز اسکور کیے جبکہ ڈیوڈ ملر 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بنگلادیش کے بولر حسن محمود نے 2، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز اور شریف الاسلام اور نے ایک ایک شکار کیا۔
Comments are closed on this story.