Aaj News

پیر, ستمبر 23, 2024  
18 Rabi ul Awal 1446  

چور نے ”دھوم 2“ فلم میں دکھائی گئی واردات کا طریقہ سچ کر دکھایا

مشتبہ شخص پر نہ تو عملے کا دھیان گیا اور نہ خریداروں کا۔
شائع 21 اکتوبر 2023 06:59pm

پولینڈ کے شہر وارسا میں ایک شخص نے بالی ووڈ فلم ”دھوم 2“ میں دکھائی گئی واردات کا طریقہ سچ کردکھایا۔

ایک شخص دکان کی کھڑکی میں ایک بیگ تھامے شاپنگ مال کے بند ہونے تک بے حرکت کھڑا رہا۔

پولینڈ کی پولیس نے بتایا کہ 22 سالہ مشتبہ شخص پر نہ تو عملے کا دھیان گیا اور نہ خریداروں کا، وہ کھڑکی میں منجمد کھڑا تھا تاکہ وہ دوسرے پتلوں کے ساتھ گھل مل جائے۔

اس شخص کا ارادہ تھا کہ مال بند ہونے کے بعد وہ زیورات سمیٹ کر رفو چکر ہوجائے گا، تاہم آخری وقت میں ایک سیکیورٹی گارڈ نے اسے دیکھ لیا اور اس کا پلان چوپٹ ہوگیا۔

خیال رہے کہ ”دھوم 2“ میں بھی ہریتک روشن نے میوزیم میں چوری کرنے کیلیے یہی طریقہ اپنایا تھا، ہریتک روشن مجسمہ بن کر ایک کونے میں کھڑے رہے اور بالآخر خاموشی سے ہیرا لے اڑے۔

مذکورہ شخص پر دیگر شاپنگ سینٹرز میں اسی طرح کی دیگر وارداتیں کرنے کا بھی الزام ہے۔

ایک دن، وہ مبینہ طور پر مال بند ہونے کے بعد شاپنگ سینٹر کے بار میں گیا اور اپنا پیٹ بھر کر کھایا، پھر ایک ڈیزائنر کپڑوں کی دکان میں گیا اور اپنے کپڑے نئے کپڑوں سے تبدیل کیے اور دکان کے شٹر میں ایک چھوٹے سے خلا کے نیچے سے پھسلتے ہوئے سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا۔

ایک اور واقعہ میں، اس پر الزام ہے کہ اس نے کئی کیش رجسٹروں سے پیسے لینے کے لیے مال بند ہونے تک انتظار کیا اور اشیاء چرانے کی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کو تین ماہ کے لیے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے اور جرم ثابت ہونے پر اسے 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

Dhoom 2

Mannequin