توہین الیکشن کمیشن کیس: الیکشن کمیشن نے عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے سپرنٹینڈنٹ جیل کو سابق وزیراعظم کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کردی جبکہ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کردیے اور پولیس کو انہیں 24 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے سماعت کا تحریری آرڈر جاری کردیا۔
تحریری آرڈر کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے 24 اکتوبر کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے اور سپرینٹینڈنٹ اڈیالا جیل کو 24 اکتوبر کو عمران خان کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن کے آرڈر کے مطابق وکیل کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت جیل میں ہیں لیکن کارروائی آگے بڑھانے کے لیے عمران خان کی حاضری لازمی ہے۔
آرڈر میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، عمران خان 24 اکتوبر صبح 10 بجے صرف الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد سابق وزیراعظم کو واپس جیل بھیج دیا جائے گا۔
تحریری آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کے فول پروف انتظامات کریں، عمران خان کے خلاف پیشی پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانٹ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
توہین چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانٹ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور پولیس کو فواد چوہدری کو 24 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جاری وارنٹ گرفتاری کے مطابق آئی جی اسلام آباد کو فواد چوہدری کو 24 اکتوبر کی صبح 10 بجے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے، فواد چوہدری کے خلاف 24 اکتوبر کو فرد جرم عاید کی جائے گی۔
عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی جبکہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں پی ٹی آئی رہنماوں کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی جس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا، 26 اکتوبر کو عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر باضابطہ سماعت کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
عمران خان کے لئے اڈیالہ آئی سائیکل جیل انتظامیہ نے روک لی
عمران خان کو جیل سہولیات فراہمی کیس: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کوشوکاز نوٹس جاری
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ عمران خان کے خلاف سماعت کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے درخواست گزار خالد محمود کو بھی نوٹس جاری کردیا، توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔
اسی طرح چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز بھی سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے۔
الیکشن کمیشن کا 4 رکنی بینچ 24 اکتوبر کو توہین الیکشن کمیشن کیسز پر سماعت کرے گا۔
عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری پر توہین الیکشن کمیشن کیسز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
Comments are closed on this story.