Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بنگلادیش کو شکست دے کر بھارت نے ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی جیت اپنے نام کرلی

257 رنز کا ہدف بھارت نے 42 ویں اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا
اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2023 09:39pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 17 ویں میچ میں بھارت نے نا قابل شکست رہتے ہوئے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں مسلسل چوتھی جیت اپنے نام کرلی۔

پونے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 257 رنز کا ہدف بھارت نے 42 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

بھارت کے بولنگ اٹیک کا پر اعتمادی سے سامنا کرتے ہوئے بنگلہ دیشی اوپنرز تنزید حسن اور لٹن داس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 91 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم 15 ویں اوور میں تنزید حسن نصف سینچری بنانے کے بعد 51 رنز پر بھارتی بولر کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 110 کے مجموعی اسکور پر گری، نجم الحسن شانتو 17 گیندوں پر 8 رنز بنا کر جڈیجہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

بنگال ٹائیگر کو تیسرا نقصان 129 کے مجموعی اسکور پر ہوا، مہدی حسن میراج زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک سکے اور 13 گیندوں پر 3 رنز بنا کر محمد سراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اوپننگ بیٹر لٹن داس، رویندرا جڈیجہ کی گیند پر شبمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، یوں بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ 137 کے مجموعی اسکور پر گرگئی۔

پانچویں وکٹ توحید ہردوئے کی گری جنہوں نے 35 گیندوں پر 16 رنز بنائے اور شردل ٹھاکر کی گیند پر شبمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کو چھٹیا نقصان مشفیق الرحیم کی صورت میں اٹھانا پڑا جب 201 کے مجموعی اسکور پر مشفق الرحیم 46 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیل کر جسپریت بھمراہ کی گیند پر جڈیجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ 233 کے مجموعی اسکورپر گری، نسوم احمد 18 گیندوں پر 14 رنز بنا کرمحمد سراج کی گیند پر کے ایل راہول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

248 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیش کو آٹھواں نقصان اٹھانا پڑا، محمد اللہ 36 گیندوں پر 46 رنز بنا کر جسپریت بھمراہ کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔

یوں بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز 8 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے اور بھارت کے لیے 257 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجہ، جسپریت بھمراہ اور محمد سراج نے 2،2 جبکہ شردل ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کے دوران ہاردک پانڈیا بالنگ کرواتے ہوئے انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔

بھارت کی بیٹنگ

بنگلادیش کے 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹرز نے شروعات سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، بھارتی ٹیم کی خاص بات اوپنرز بیٹر کی شاندار اننگز تھی، روہت شرما اور شُبمان گِل نے اننگز کا عمدہ آغاز کرتے ہوئے 88 رنز کی شراکت قائم کی۔

بھارت کی پہلی وکٹ 13 ویں اوور میں 88 کے مجموعی اسکور پر گری، روہت شرما نصف سنچری اسکور نہ کر سکے اور 48 رنز بناکر حسن محمود کی گیند پر توحید ہردوئے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بیسویں اوور میں 132 کے مجموعی اسکور پر بھارت کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شبمان گِل تھے، انہوں نے نصف سنچری اسکور کی لیکن پھر وہ 53 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد 30 ویں اوور میں 178 کے مجموعی اسکور پر شیریاس ائیر بھی 19 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، دونوں مہدی حسن میراز کی گیند پر محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پہلی وکٹ کے نقصان پر ویرات کوہلی کریز پر آئے تو انہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا، کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کے ایل راہول کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ پر 83 رنز کی شراکت قائم کی۔

ویرات کوہلی نے چھکا لگا کر نہ صرف ٹیم کو فتح دلائی بلکہ شاندار سنچری بھی اسکور کی، یہ ان کے ون ڈے کیریئر میں 48 ویں سنچری ہے۔

کوہلی نے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 97 گیندوں پر 103 رنز ناقابل شکست اننگز کھیلی، وہ بھارت کی جانب سے ٹاپ اسکور بھی رہے جبکہ کے ایل راہول بھی 34 گیندوں پر 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں بھارت نے بنگلادیش کا 257 رنز کا ہدف با آسانی 42 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔

شاندار بیٹنگ کرنے پر ویرات کوہلی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ مہدی حسن میراز نے کی انہوں نے اپنے 10 اوورز میں 47 رنز دے کر بھارت کے 2 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن محمود نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بنگلادیش کی ایونٹ میں تیسری شکست ہے۔

ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل

آئی سی سی ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو نیوزی لینڈ پہلے، بھارت دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

بنگلا دیش کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 8 پوائنٹس اور 1.659 رن ریٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس اور 1.923 رن ریٹ کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔

جنوبی افریقا 4 پوائنٹس اور 1.385 رن ریٹ کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.137- رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ، آسٹریلیا، بنگلا دیش، نیدرلینڈز اور افغانستان دو، دو پوائنٹس کے ساتھ رن ریٹ کے فرق سے بالترتیب پانچویں، چھٹی، ساتویں، آٹھویں اور نویں پوزیشن پر ہیں۔

سری لنکا اپنے تینوں میچز میں شکست کے باعث ابتک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکا اور سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔

گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

میچ کا ٹاس

پونے میں کھیلے جارہے بھارت کے خلاف میچ میں بنگلادیش کی قیادت شکیب کی جگہ نجم الحسن شانتو کر رہے ہیں، بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نیوزی لیںڈ کے خلاف میچ میں اپنی انجری کے باعث آج اپنی ٹیم کی قیادت کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

بنگلا دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بنگہ دیشی کپتان نجم الحسن شانتو کا کہنا تھا کہ پچ تازہ اور موسم بہترین ہے لہذا ان کی کوشش ہوگی کہ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور بورڈ پر زیادہ سے زیادہ رنز پوسٹ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو اچھا ہدف دیا جائے۔

ٹاس ہارنے کے بعد بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ یقیناً اس پچ پر بولنگ کرنا ہی پسند کرتے کیونکہ اب تک ورلڈ کپ میں پہلے بولنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے اس ورلڈ کپ میں مسلسل کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھا ہوا ہے۔

بھارتی کرکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے تاہم بنگلہ دیشی ٹیم کے زخمی کپتان شکیب الحسن کی جگہ نصوم احمد جبکہ تسکین احمد کی جگہ حسن محمود ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

بھارتی اسکواڈ

بھارت ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول (وکٹ کیپر) ، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، رویندرا جدیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔

بنگلہ دیشی اسکواڈ

بنگلہ دیشی ٹیم میں نجم الحسن شنتو (کپتان)، لٹن داس، تنزید حسن، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم (وکٹ کیپر)، توحید ہردوئے، محمود اللہ، نسیم احمد، حسن محمود، مستفیض الرحمان اور شرف الاسلام ہیںَ۔

دونوں ٹیموں نے اب تک کتنے میچز کھیلے؟

واضح رہے کہ بھارت اور بنگلادیش کی ٹیمیں آج میگا ایونٹ میں اپنا چوتھا، چوتھا میچ کھیل رہی ہیں۔ بھارتی ٹیم اب تک ورلڈ کپ کے 3 میچز کھیل چکی ہے اور پاکستان کے خلاف شاندار کامیابی سمیت تینوں میں فتح سے ہمکنار ہوئی ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل 2 شکستوں کے بعد آج تیسری بار قسمت آزمائے گی جبکہ بنگلادیش کو ایک میچ میں کامیابی ملی۔

پونے کی پچ کو روایتی طور پر ہائی اسکورنگ سمجھا جاتا ہے اور میچ کے موقع پر بارش کے باوجود کھیل کے لیے صاف آسمان کی توقع کی جاتی ہے۔

بھارت کا بنگلہ دیش کے خلاف ریکارڈ

بھارت کا بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میچ کے فارمیٹ میں فتح کا بہت مضبوط ریکارڈ ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم نے مجموعی طور پر 40 میچوں میں 31 میچ میں بنگلہ دیش کو شکست سے ہمکنار کیا ہے جبکہ ایک میچ کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

اگر آج کے میچ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تو بھارت 50 اوورز کے فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف 32 واں میچ جیتے گا تاہم اگر بنگلہ دیش نے روہت شرما کی ٹیم کو ہرایا تو یہ ان کی بھارت کے خلاف نویں فتح ہوگی۔

ورلڈ کپ کے عالمی اسٹیج پر بھارت نے بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے 4 میں سے 3 میچز میں فتح کا مزہ چکھا ہوا ہے، ان کی واحد سنسنی خیز شکست 2007 کا واقعہ ہے، جس میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔

2019 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے آخری ورلڈ کپ کے بعد 50 اوور کے فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 4 میچوں میں بنگلہ دیش نے ہندوستان کو 3 بار شکست دی ہے۔

آخری بار بھارت بنگلہ دیش کے درمیان ٹاکرا ایشیا کپ 2023 کے سپر فور میں ہوا تھا جس میں شرما الیون کو6 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

india

cricket

India VS Bangladesh

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

pune