Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ون ڈے کرکٹ پر کس کا راج؟ آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کردی

بیٹرز رینکنگ میں بابر اعظم، امام الحق اور فخر زمان کس پوزیشن پر موجود
شائع 18 اکتوبر 2023 10:53pm

ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے۔

بدھ کے روز آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پہلی جبکہ بھارت کے شبمن گِل کی رینکنگ میں دوسری پوزیشن برقرار ہے۔

آئی سی سی کے مطابق بابر اعظم کے 836 جبکہ شبمن گل کے رینکنگ پوائنٹس 818 ہیں۔

ورلڈ کپ میں 2 سنچریاں بنانے والے جنوبی افریقا کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کی رینکنگ میں ایک درجہ بہتری ہوئی اور انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رسی وین ڈر ڈوسن کو پیچھے چھوڑ دیا۔

کوئنٹن ڈی کاک 742 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور راسی وین ڈیر ڈوسن 732 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق آئرش کھلاڑی ہیری ٹیکٹر پانچویں، بھارتی کپتان روہت شرما چھٹے، آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر ساتویں، انگلش بیٹر ڈیوڈ میلان آٹھویں اور بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی نویں نمبر پر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان کی اوپننگ جوڑی امام الحق اور فخر زمان جو پہلے ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل تھی اب بالترتیب 10 ویں اور 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

فخر زمان مسلسل خراب فارم کی وجہ سے ٹاپ 10 کی فہرست سے باہر ہوگئے، انہوں نے اپنے گزشتہ 8 میچز میں کسی بھی اننگز میں 30 رنز سے زیادہ اسکور نہیں کیا۔

بابر اعظم واحد بلے باز ہیں جو ون ڈے، ٹی 20 اور ٹیسٹ کرکٹ کے ٹاپ فائیو میں شامل ہیں، وہ ٹی 20 بیٹرز میں چوتھے جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی چوتھے نمبر پر ہیں۔

ٹی 20 اور ون ڈے میں پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکا البتہ شاہین آفریدی ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا پہلا اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا دوسرا نمبر ہے جبکہ بھارت کے محمد سراج تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

ون ڈے آل راؤنڈرز میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن سرفہرست موجود ہیں۔

babar azam

Fakhar Zaman

ICC

Pakistan Cricket Team

inzimam ul haq

icc odi ranking

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

INTERNATIONAL CRICKET COUNCIL (ICC)

quinton de kock