Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل کیا موٹر سائیکل بھی دے دیں گے، جج ابوالحسنات

عمران خان کو سویمنگ پول کے علاوہ باقی سب کچھ مہیا کردیں گے، جج کا علیمہ خان سے دلچسپ مکالمہ
شائع 18 اکتوبر 2023 02:31pm

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان سے دلچسپ مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل کیا موٹر سائیکل بھی دے دیں گے، انہیں سویمنگ پول کے علاوہ باقی سب کچھ مہیا کردیں گے۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں وکیل شیرازاحمدرانجھا، علیمہ خان پیش ہوئے۔

دوران سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین اور چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے درمیان سائیکل پر دلچسپ گفتگو ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عدالت سے کہا کہ میں کچھ کہنا چاہتی ہوں، اڈیالہ جیل میں جِم کی سہولت موجود ہے، عمران خان کے گھر میں سائیکل جو وہ استعمال کرتے ہیں، وہ مانگی ہے، میرے بھائی نے اس علاوہ اور کچھ نہیں مانگا۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے فیملی کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کو فیور دے دی ہے، ٹینشن نہ لیں۔

علیمہ خان نے دوبارہ اصرار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بھائی اور کچھ نہیں مانگتا، بس ایک سائیکل مانگی ہے، کیا ایسا ہوسکتا ہے کہ ایک مخصوص شخص گھر سے سائیکل خود جیل میں مہیا کردے۔

جج جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اہم شخصیت ہیں، اہم زندگی ہے، سائیکل پہنچاتے ہوئے راستہ میں کچھ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا۔

مزید پڑھیں: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمران خان کا بیٹوں سےٹیلیفونک رابطہ کروانے سے انکار کردیا

علیمہ خان نے جج ابوالحسنات سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ صاف سی بات ہے! جیل کا کنٹرول آپ کے پاس ہے، سائیکل پر آپ جب حکم جاری کریں گے جیل پہنچا دی جائے گی۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ میں نے جیل میں جا کر دیوار تڑوا دی، کون جج ایسا کرتاہے؟ جیل کی دیوار ٹوٹنے کے بعد اب چیئرمین پی ٹی آئی کی چہل قدمی آرام سے جاری ہے۔

علیمہ خان نے دوبارہ اصرار کرتے ہوئے استدعا کی کہ بس جتنی جلدی ہو جائے سائیکل دے دیں۔

مزید پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل کیا موٹر سائیکل بھی دےدیں گے۔ جج کے جملے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان سے سوال کیا کہ کچھ بتائیں کہ آپ نے مانگا ہو اور میں نے نہ دیا ہو۔

مزید پڑھیں: جیل حکام نے عمران خان کا بیٹوں سے رابطہ کروانے سے انکار کردیا

علیمہ خان نے جواب دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو انصاف مل جائے تو بہت شکر ادا کریں گے، انہوں نے زندگی میں صرف اپنی صحت مانگی ہے، جج صاحب!! آپ سے ہی امید ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل بھی پہنچا دیں گے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ایک بار پھر اظہار تفنن مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سویمنگ پول کے علاوہ باقی سب کچھ مہیا کردیں گے۔ جج کے جملے پر عدالت میں دوبارہ قہقہے لگے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جج ابوالحسنات نے علیمہ خان سے کہا کہ سائیکل کا خیال رکھیے گا کہیں پنکچر نہ ہو۔

علیمہ خان نے کہا کہ جج صاحب آرڈر کریں، سائیکل ہم ابھی بھیج رہے ہیں۔ یہ جملہ کہتے ہوئے علیمہ خان کمرہ عدالت سے روانہ ہوگئیں۔

imran khan

pti chairman

IMRAN KHAN IN JAIL