Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلز پارٹی کا کارساز شہداء کی یاد میں بلاول ہاؤس کے قریب تعزیتی اجتماع کا اعلان

اجتماع فلسطین میں شہید ہونے والوں کی یاد میں بھی ہو گا، سعید غنی
شائع 17 اکتوبر 2023 06:55pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان پیپلز پارٹی نے 18 اکتوبر (بروز بدھ) سانحہ کار ساز کے شہداء کی یاد میں بلاول ہاؤس کے قریب تعزیتی اجتماع کا اعلان کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ یہ اجتماع صرف کارساز کے شہداء کے لیے نہیں بلکہ اجتماع فلسطین میں شہید ہونے والوں کی یاد میں بھی ہو گا، اور اس میں بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوں گے۔

سعید غنی نے بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کل 18 اکتوبر ہے، ہر سال شہداء کو اس دن یاد کیا جاتا ہے، اسی حوالے سے کل بلاول ہاؤس کے پاس تعزیتی اجتماع ہوگا اور کارساز پر شمع روشن کی جائے گی۔ یہ اجتماع صرف کارساز کے شہداء کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ اجتماع فلسطین میں شہید ہونے والوں کی یاد میں بھی ہو گا، جس میں بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں اس حوالے سے اجتماع بھی ہوں گے، بلاول ہاؤس کے قریب تقریب تمام ڈسٹرکٹ کے اجتماع براہ راست دکھائے جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ بی بی شہید کارساز سانحے کے اگلے دن اسپتال کارکنان کے پاس پہنچیں تھیں، انہوں نے بہادری کی مثال قائم کی تھی۔

سعید غنی نے پچھلے الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا کراچی میں کوئی ووٹ بینک نہیں، سب کو معلوم ہے کہ وہ کیسے جیتے، پیپلز پارٹی تن و تنہا ان سارے جمع کیے گئے سیاستدانوں کا مقابلہ کرے گی۔ جتنی ہماری سیٹیں تھیں اس سے زیادہ سیٹوں پر جیتیں گے، اگریہ غلط فہمی ہے کہ انتخابات ملتوی کروا سکتے ہیں تو ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔

سعید غنی نے کہا کہ جنوری سے آگے انتخابات ہوتے نظر نہیں آتے، تمام جماعتیں جلد انتخابات پر متفق ہیں، سیاسی حکومتیں براہِ راست بارڈر پر کھڑی نہیں ہوتیں، ڈالرز کی سمگلنگ روکنا اداروں کا کام ہے۔

Pakistan People's Party (PPP)

Karsaz Incident