آرمی چیف سے عمانی بری فوج کے کمانڈر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے عمانی بری فوج کے کمانڈر میجر جنرل مطر بن سالم بن راشد البلوشی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عمان کے بری فوج کے کمانڈر میجر جنرل مطر بن سالم بن راشد البلوشی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے عمانی کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے عمان کے بری فوج کے کمانڈر نے ملاقات کی، جس میں ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمانی کمانڈر میجر جنرل مطر بن سالم بن راشد البلوشی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کی کامیابیوں کو سراہا۔
معزز مہمان نے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے پاک آرمی کی مسلسل کوششوں کی بھی تعریف کی۔
قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر عمان کی رائل آرمی کے کمانڈر نے یاد گار شہداء پر حاضری دی اور پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
Comments are closed on this story.