Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مراد سعید کی گرفتاری کیلئے چھاپہ، فرار ہونے میں کامیاب

فرار کرانے کے الزام میں رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج
اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2023 08:53pm

پشاور پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما مراد سعید کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا، تاہم وہ چھاپے سے قبل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ایس پی ورسک ارشد خان نے بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید انسداد دہشتگردی سمیت دیگر مقدمات میں پولیس مطلوب ہیں۔

ایس پی ورسک کے مطابق مراد سعید کو فرار کرانے پر ان کے سالے سمیت دیگر رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آڑ کے مطابق مراد سعید پشاور میں تھانہ ناصر باغ کی حدود ڈی ایچ اے میں واقع ایک گھر میں مبینہ طور روپوش تھے، جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے کے دوران اہل خانہ نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ اہل خانہ نے مراد سعید کو گرفتاری سے بچانے کے لئے فرار کرایا۔ مراد سعید پولیس چھاپے سے چند منٹ پہلے فرار ہو گئے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق مراد سعید مبینہ طور رشتہ دار کے گھر روپوش تھے۔ رشتے داروں کے گھر مراد سعید کے دو ملازم بھی موجود تھے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پولیس نے تلاشی کے دوران مراد سعید کے زیر استعمال کمرے سے ان کی کچھ چیزیں بھی برآمد کیں۔

ایس پی ورسک کے مطابق چھاپے کے دوران گھر سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ گھر سے مراد سعید کی گاڑی بھی برآمد ہوئی۔

دوسری جانب جب پولیس نے مراد سعید کی سہولت کاری میں گرفتار ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا تو عدالت نے گرفتار تینوں ملزمان کو مقدمے سے خارج کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کو 70 ہزار کے مچلکے جمع کرانے پر رہا کیا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ تھانہ ناصر باغ پولیس نے مراد سعید کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا، مراد سعید ملزمان کے گھر پر نہیں تھے، مراد سعید کے نہ ہونے کے باوجود پولیس نے بے بنیاد مقدمہ درج کیا۔

خیال رہے کہ مراد سعید نو مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے منظر عام سے غائب ہیں۔ ان کے خلاف سوات اور اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت ائف آئی آرز درج ہیں۔

پولیس کی جانب سے گرفتاری سے بچنے کے لیے وہ روپوش ہو گئے تھے اور ابھی بھی منظر عام پر نہیں ہیں۔

pti

Murad Saeed