Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

شہبازشریف اور مریم نواز کا فلسطینی شہریوں پر فوری بمباری رکوانے کا مطالبہ

فلسطینیوں کیلئے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، سابق وزیراعظم
شائع 15 اکتوبر 2023 06:49pm
شہبازشریف اور مریم نواز کا فلسطینی شہریوں پر فوری بمباری رکوانے کا مطالبہ۔ فوٹو ــ روئٹرز
شہبازشریف اور مریم نواز کا فلسطینی شہریوں پر فوری بمباری رکوانے کا مطالبہ۔ فوٹو ــ روئٹرز

سابق وزیراعظم شہبازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائز مریم نواز نے فلسطینی شہریوں پر فوری بمباری رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسپتالوں، اسکولوں اور عام آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنانا جنگ نہیں کھلا ظلم و بربریت ہے۔

شہباز شریف نے اسرائیلی حملوں سے سینکڑوں بچوں سمیت شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست عالمی قانون اور انسانیت کی تمام حدیں پامال کر چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ صیہونی ریاست دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ بے گناہوں کا بہتا لہو روکا جا سکے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسپتالوں کو خالی کرانا، صحافیوں کو نشانہ بنانا قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے۔ دنیا ظلم پر تماشائی نہ بنے، بے گناہ انسانوں کا قتل عام رکوانے کے لئے عملی اقدام کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے پلیٹ فارم سے فلسطینیوں کے لئے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بے گھر فلسطینیوں کے لئے پناہ گاہوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ خواتین ، بچوں اور دیگر افراد کے لئے خوراک اور علاج کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات اسلامی دنیا کا بھی امتحان ہے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائز اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے بھی فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کا قتل عام رکوائے۔

انھوں نے کہا کہ نہتے اور محصور فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری جنگی جرائم ہیں، اسپتالوں، قافلوں، نہتی آبادیوں پر حملے قانون پر چلنے والی اقوام کا شیوہ نہیں، محصور فلسطینیوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔

israeli air strikes

Palestinian Israeli Conflict

Hamas Israel attack 2023