Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ورلڈ کپ میں کرکٹ شائقین کوبڑا جھٹکا، افغانستان نے انگلینڈ کو 69 رنز سے ہرا دیا

انگلش ٹیم 40.3 اوورز میں 284 رنز کے تعاقب میں 215 رنز بناسکی۔
اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2023 09:09pm
تصویر: ایکس/آئی سی سی
تصویر: ایکس/آئی سی سی

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پہلا اپ سیٹ ہوگیا ہے۔ افغانستان نے انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دے دی۔ ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 40.3 اوورز میں 215 رنز بناسکی۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں تین رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب جونی برسٹو دو رنز بناکر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ساتویں اوور میں 33 کے مجموعی اسکور پر جو روٹ 11 رنز بناکر مجیب الرحمان کا شکار بنے۔

تیرہویں اوور میں 68 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ ملان 32 رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کپتان جوز بٹلر 9 رنز بنا سکے جنہیں نوین الحق نے آؤٹ کیا۔

لیام لیونگ اسٹون 10 ، سیم کرن 10 اور کرس ووکس 9 رنز بناسکے۔

ہیری بروک 66 اور عادل رشید 20 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

افغانستان کی اننگز

آئی سی سی ورلڈ کپ کے 13 ویں میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 49.5 اوورز میں 284 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

افغان اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 114 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا، تاہم ابراہیم زادران 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، محض 8 رنز کے اضافے سے افغان بیٹرز نے 2 وکٹیں مزید گنوائیں، رحمت شاہ 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی محض 14، عظمت اللہ عمرزئی 19، محمد نبی 9، راشد خان 23، مجیب الرحمان 28 رنز بناسکے۔

افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور انگلش بالرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 58 گیندوں 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 80 جبکہ اکرام علی خیل نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلیںڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 جبکہ لیام لیونگسٹون، ریس ٹوپلی اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی افغان ٹیم کو کم از کم اسکور پر آؤٹ کرکے فتح یقینی بنائیں۔

اس موقع پر افغان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کم بیک کی کوشش کریں گے، پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے نجیب اللہ زادران کی جگہ اکرام علی خیل کو شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، ہیری بروک، لیام لیونگسٹون، سیم کرن، کرس ووکس، مارک ووڈ، عادل رشید اور ریس ٹوپلی شامل ہیں۔

افغانستان کا اسکواڈ

افغانستان کی ٹیم میں کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، اکرام علی خیل، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔

ICC ODI WORLD CUP 2023

Afghanistan vs England