Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: بنگلے کے مالک اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کی ویڈیو سامنے آگئی

پانچ ڈاکو بنگلے میں داخل ہوئے تو شہری نے فائرنگ کردی
شائع 15 اکتوبر 2023 03:49pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

فیڈرل بی ایریا بلاک 6 میں 5 ڈاکو بنگلے میں داخل ہوئے تو گھر کے مالک نے فائرنگ کردی، ایک ڈاکو زخمی ہوگیا، جب کہ واقعے کی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

11 اکتوبر کو کراچی کے علاقے ایف بی ایریا بلاک 6 میں واقع ایک بنگلے میں رات گئے 5 ڈاکو داخل ہوئے تو بنگلے کے مالک نے موقع پاتے ہی ڈاکوؤں پر فائرنگ شروع کردی، جس میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا، تاہم پانچوں ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

بنگلے میں گُھسنے والے ڈاکوؤں اور گھر کے مالک کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ 5 مسلح ڈاکوؤں بنگلے کے احاطے میں داخل ہورہے ہیں۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں اور شہری کے درمیان دوبدو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اور گھر کے اندر سے کی گئی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا، تاہم ڈاکوؤں کو گھر کے اندر داخل ہونے کا راستہ نہیں ملا۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں کے عقب میں ایک لکڑی کی سیڑھی دیوار کے ساتھ کھڑی ہے، اور تمام ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے ایک ایک کرکے سیڑھی کے ذریعے باہر کی جانب کود رہے ہیں، اور زخمی ڈاکو سمیت پانچوں فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی مبینہ ملزم کواسپتال منتقل کردیا۔

منصور نامی بنگلے کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ 4 ملزمان گھر میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے، اور ایک ملزم گھر کے اندر آیا تو میں نے فائرنگ کردی، جب کہ ملزمان کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی۔

دوسری جانب پولیس نے 4 روز گزر جانے کے بعد بھی ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس ملزمان تک نہ پہنچ سکی، اور حکام کا کہنا ہے کہ منصور کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ملزم کے پاس سے کوئی اسلحہ نہیں ملا، ملزم منشیات کا عادی لگتا ہے۔

پولیس کے مطابق بنگلے کے مالک منصور کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم گھر کے اندر داخل ہوا تو اس نے اس پر فائرکیا، پولیس کوجائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 25 خول ملے ہیں، جب کہ ملزمان کی جانب سے فائرنگ کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

robbers

Robbery

Karachi Police

karachi robbers