Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مرد اور عورت دونوں ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں، متھیرا

اپنی مرضی سے متعدد بار پلاسٹک سرجریز کروائیں، ماڈل
شائع 13 اکتوبر 2023 10:48pm

ماڈل، اداکارہ اور میزبان متھیرا نے کہا ہے کہ عورت کی زندگی میں مرد کا ہونا اس کے لیے سہولت کا سبب ہوتا ہے۔

متھیرا نےحال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے متعدد بار پلاسٹک سرجریز کروائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کم عمری میں ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی تو انہیں وہم ہوگیا کہ ان کے ہونٹ خراب ہیں، جس وجہ سے انہیں ہونٹوں کو مصنوعی طریقے سے بڑا کروانے کی عادت پڑگئی اور انہوں نے متعدد بار ایسا کیا۔

متھیرا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے ہونٹ اس طرح سرجری کے ذریعے بڑے کروائے کہ وہ بطخ لگنے لگی تھیں اور اس عمل نے انہیں ڈپریشن میں بھی مبتلا کردیا۔

شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی لیکن اس کے باوجود تاحال وہ شادی کو خوبصورت تعلق اور رشتہ سمجھتی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ہر کسی کو شادی کرنی چاہیے۔

ان کے مطابق اگر کسی کی پہلی شادی نہیں چل رہی یا انہیں شریک حیات اچھا نہیں مل رہا تو اسے ختم کرنا چاہیے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے کہ دوبارہ شادی نہ کی جائے۔

متھیرا کا کہنا تھا کہ فیمنزم پر یقین نہیں رکھتی اور نہ ہی خود کو فیمنسٹ سمجھتی ہیں انہوں نے کہا کہ مرد اور عورت دونوں ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں، وہ تب ہی مکمل بنتے ہیں جب ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عورت کی زندگی میں مرد کا ہونا اس کے لیے سہولت کا سبب ہوتا ہے، اس پر شکرانے ادا کرنے چاہیے۔

متھیرا کے مطابق وہ تنہا ماں ہیں، انہیں معلوم ہے کہ کما کر بچوں کو کھلانا کتنا مشکل ہوتا ہے لیکن اگر کوئی مرد ہوتا تو انہیں سپورٹ مل جاتی ۔

انہوں نے کہا کہ مرد حضرات کو عورت کی اہمیت کا اندازہ ہونا چاہیے اور وہ انسان کے بچے بن جائیں، کیوں کہ انہیں پیدا کرنے والی اور ان کی پرورش کرنے والی بھی ایک عورت ہوتی ہے۔

Mathira