سی پیک میں نئے باب کا اضافہ کیا جائے گا، چینی سفیر
چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈانگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ایک فیملی کی طرح ہیں، سی پیک کو محبت اور تعلقات کی راہداری بنایا جائے گا، اب سی پیک میں نئے باب کا اضافہ ہونے جارہا ہے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزیراعظم جلد چین کا دورہ کریں گے۔
آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں نئے چینی سفیر جیانگ ژائی ڈانگ نے پہلا انٹرویو دیا۔ انھوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک ٹیم کی طرح ہیں اور ایک ساتھ آگے بڑھیں گے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ دس سال میں سی پیک کو مکمل کامیابی ملی، سی پیک روشن مستقبل کی نوید ہے۔
انھوں نے کہا کہ سی پیک میں نئے باب کا اضافہ کیا جائے گا۔ سی پیک کو محبت اور تعلقات کی راہداری بنایا جائے گا۔
جیانگ ژائی ڈانگ نے کہا کہ سکیورٹی اور ترقی کے شعبوں میں تعاون جاری ہے، آئی ٹی، زراعت، صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔
’نگراں وزیراعظم چین کا دورہ کریں گے‘
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات سدا بہار ہیں، پاکستان اور چین کے تعلقات میں کبھی اتار چڑھاؤ نہیں آیا۔
انھوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی خوبصورت تاریخ ہے، بیلٹ اور روڈ منصوبہ خوشحالی کا راستہ ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم جلد چین کا دورہ کریں گے، جس میں سی پیک کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔
’دنیا میں نئے اتحاد اور پالیسیاں بن رہی ہیں‘
سیکرٹری خارجہ سائرس قاضی نے آج نیوز کے پروگرام “ روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں نئےاتحاد اور پالیسیاں بن رہی ہیں، پاک چین دوستی حکومت اور عوام کی سطح پر ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ایک دوسرےکی نیک نیتی پر یقین رکھتے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کو مضبوط کرتے ہیں۔
Comments are closed on this story.