پاک بھارت میچ: نریندرا مودی اسٹیڈیم کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سلسلے میں بھارتی کرکت بورڈ (بی سی سی آئی) کو بذریعہ ای میل 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں بم دھماکے کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق احمد آباد کی کرائم برانچ نے مبینہ طور پر 14 اکتوبر کو نریندرا مودی اسٹیڈیم میں دھماکے سے متعلق دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والے ایک شخص کو گجرات کے شہر راجکوٹ سے گرفتار کر لیا۔
احمد آباد کرائم برانچ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بی سی سی آئی کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی شناخت کرن ماوی کے نام سے کر لی گئی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کرائم برانچ نے بتایاکہ گرفتار ملزم کو انڈین پینل کوٹ کی دفعہ 505 (1) بی اور 506 (2) کے تحت گرفتار کیا گیا۔
کرائم برانچ کے مطابق گرفتار شخص کو اس سے قبل 2018 میں ریپ کیس اور انسانی اسمگلنگ کے الزام میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم کی شناخت کرن ماوی کے طور پر ہوئی ہے جو راجکوٹ ضلع کے کھیرڈی گاؤں کا رہنے والا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کا رہنے والا ماوی اپنی بہن اور بھائی کے ساتھ رہتا ہے اور کھیت مزدوری اور بڑھئی کا کام کرتا ہے۔
ڈی سی بی حکام کے مطابق یہ ای میل مبینہ طور پر ماوی نے اپنی آئی ڈی سے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے آفیشل ای میل آئی ڈی پر 9 اکتوبر کو بھیجی تھی۔
ماوی نے ای میل میں لکھا تھا کہ ’یہ ہمارا کام ہے، اس بار مودی کے گجرات اسٹیڈیم میں دھمکا ہوگا، سب لوگ سترک (ہوشیار) رہیں، 14.10.2023 یاد رکھنا سب کی روح کانپ جائے گی‘۔
نیرج بڈگوجر، جوائنٹ کمشنر آف پولیس، ڈی سی بی نے کہا، “ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کرکٹ کا شوقین ہے۔ جرم کی وجہ مدھیہ پردیش میں اس کے خلاف درج مقدمے سے مایوسی اور جیل کے وقت کا سامنا کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
پاک بھارت میچ: شائقین کرکٹ اسپتالوں کے کمرے بک کروانے لگے
ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں اسٹیڈیم خالی، کھلاڑی ہی تماشائی بن گئے
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ملزم نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ای میل بھیجی۔
انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے تفتیشی افسر جے ایچ سندھو نے کہا، ’ہم نے ماوی کے موبائل اور اس کے ماضی کے رویے کا تکنیکی تجزیہ کیا ہے اور اب تک کوئی سنگین مجرمانہ روابط یا قابل اعتراض مواد نہیں ملا ہے۔‘
Comments are closed on this story.