Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایس آئی یو ٹی کا کراچی میں مشہور پلازہ خرید کر اسپتال بنانے کا فیصلہ

ہوٹل کو اسپتال میں بدلنے کیلئے اربوں روپے کی پیشکش بھی کردی گئی
شائع 12 اکتوبر 2023 02:14pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) نے کراچی کی مرکزی شاہراہ پر واقع مشہور ہوٹل کو اسپتال میں بدلنے کے لیے ساڑھے 14 ارب روپے کی پیشکش کر دی ہے۔

حکام ایس آئی یو ٹی کا کہنا ہے کہ شارع فیصل پر واقع ہوٹل ریجنٹ پلازہ جو کہ پاکستان ہوٹل ڈیولپرز لمیٹڈ (پی ایچ ڈی ایل) کی ملکیت ہے، اسے خریدنے کے لیے ساڑھے 14 ارب روپے کی پیشکش کی گئی ہے تاکہ اس جگہ کو اسپتال میں تبدیل کیا جا سکے۔

اخبار دی نیوز کے مطابق ایس آئی یو ٹی ٹرسٹی ممبر سید شبر زیدی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 47 ہزار اسکوائر فٹ پر تعمیر ہوٹل کو خریدنے کے لیے ساڑھے 14 ارب روپے کی پیشکش کی ہے جسے ایک سال کے دورانیے میں اسپتال میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو ایک بڑے اسپتال کی کافی ضرورت ہے اور ایک بڑے اسپتال کے لیے جگہ لیکر اس کی تعمیر پر کئی سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے، لہٰذا یہ بہترین آپشن ہے کہ شہر کے مرکز میں ایک تعمیر شدہ اسٹرکچر کو خرید کر اسے اسپتال میں تبدیل کیا جائے۔

سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ یہ جگہ ہوٹل کی جگہ اس لیے بھی بہترین ہے کیونکہ یہ این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے بھی قریب ہے۔

شبر زیدی نے مزید کہا کہ پی ایچ ڈی ایل نے ابھی تک ہماری پیشکش قبول نہیں کی مگر ہمیں امید ہے کہ وہ پاکستانی عوام اور دوسرے ممالک سے علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں کے مفاد میں ہماری پیشکش قبول کرلیں گے۔

karachi

SIUT

regent plaza