’لوگوں کو عادت نہیں کہ وہ ڈراموں میں اس قسم کا کردار دیکھیں‘
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ حرا عمر نے اپنے خلاف تنقیدی تبصروں پر خاموشی توڑ دی، اداکارہ نے نئے ڈرامہ سیریل میں ادا کیے جانے والے کردار سے متعلق اپنا موقف پیش کردیا۔
حال ہی میں حرا عمر نے ایک ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے ڈراموں میں سپورٹنگ کردار ادا کرنے کے بارے میں اظہارِ خیال کیا۔
اداکارہ حرا عمر کا ڈرامہ ’جیسی آپ کی مرضی‘ ان دنوں نشر ہورہا ہے، جس میں اداکارہ کواپنے کردار کے سبب صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شو کے میزبان نے جب حرا عمر سےاس ردعمل سے متعلق سوال کیا تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ، ’چونکہ ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کو بہت کمزور سمجھا جاتا ہے، ابھی بھی لڑکیوں کا اپنے حق میں بولنا اتنا عام نہیں ہے، لوگوں کو عادت نہیں ہے کہ وہ ڈراموں میں اس قسم کا کرداردیکھیں، اس لیے مجھے اندازہ تھا کہ ردعمل ضرور آئے گا‘۔
مزید پڑھیں:
ڈرامے کی کہانی اب ساس بہو سے ہٹ جانی چاہیے، ژالے سرحدی
اداکار علی رحمٰن خان جلد خواجہ سرا کے روپ میں نظر آئینگے
منفرد انداز میں محبت کا اظہار، اداکارہ حراخان کی ویڈیو وائرل
میزبان کی جانب سے ڈرامے کی اسکرپٹ کے بارے میں سوال پر اداکارہ نے کہا کہ ’ڈرامے میں دونوں بہنیں ایک دوسرے کو لے کر بہت حساس ہوتی ہیں، رمزا اور مریم ایک دوسرے کیلئے ہر مشکل میں کھڑی ہوتی ہیں‘۔
جہاں اداکارہ کو اس کردار پر تنقید کا سامنا بنایا جارہا ہے تو وہیں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے اداکارہ کے اس کردار کو سراہا ہے۔
اداکارہ نے اپنے اس کردار کو حقیقی زندگی سے مشابہت دیتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی حقیقی زندگی میں بھی ایسی ہی ہوں، میں نہیں برداشت کر سکتی کہ کسی لڑکی کے ساتھ کوئی ظلم ہو‘۔
ڈرامہ ’جیسی آپ کی مرضی‘ میں حرا عمر نے رمزا نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جو اپنی بہن مریم کی شادی شدہ زندگی میں درپیش مسائل پر آواز اٹھاتی ہے۔
حرا عمر نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہی ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا ہے، اداکارہ نے ’میرے ہمسفر‘، ’میرے ہی رہنا‘ اور ’جیسی آپکی مرضی‘ جیسے مشہور ٹیلی ویژن ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے اپنے مداحوں کو محظوظ کیا ہے۔
Comments are closed on this story.