Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

ورلڈ کپ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے کون کون سے ریکارڈز بنائے؟

افغانستان کیخلاف میچ روہت شرما نے بڑے بڑے بلے بازوں کو پیچھے چھوڑدیا
شائع 11 اکتوبر 2023 11:28pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں افغانستان کے خلاف میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کئی ریکارڈز بنا ڈالے۔

بدھ کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ کے 9 ویں میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 16 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

جس کے بعد بھارتی اوپننگ بلے باز روہت شرما نے کئی ریکارڈز کو تہس نہس کردیا، وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے اور ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔

ورلڈکپ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور افغانستان نے بھارت کو جیت کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے اننگز میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا 554 واں چھکا مار کر تمام فارمیٹس کے بین الاقوامی میچز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا۔

کرس گیل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 553، پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے 476، نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے 398 چھکے مارے، جس کے بعد روہت شرما اب اس فہرست میں پہلے ، کرس گیل دوسرے اور شاہد آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں۔

ہدف کے تعاقب میں روہت شرما نے افغانستان کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی جس کے بعد وہ سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے والے بیٹر بن بھی گئے۔

انہوں نے 2015 کے ورلڈ کپ میں ایک، 2019 کے ورلڈ کپ میں پانچ سنچریاں بنائی تھیں اور رواں ورلڈ کپ میں وہ اب ایک سنچری بناچکے ہیں۔

اس سے قبل ون ڈے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا۔

سابق بھارتی لیجنڈ بیٹسمین سچن ٹنڈولکر ورلڈ کپ میچز میں 6 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ سری لنکا کے سابق مایہ ناز سابق بلے باز کمار سنگاکارا اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 5،5 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔

روہت شرما نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا کارنامہ صرف 19 اننگز میں انجام دیا ہے جبکہ ٹنڈولکر نے 44، کمار سنگاکارا نے 35 اور رکی پونٹنگ نے 42 ورلڈ کپ اننگز کھیل کر اپنی سنچریاں بنائیں۔

افغانستان کے خلاف روہت شرما کی سنچری بھارت کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے تیز ترین سنچری بھی ہے، انہوں نے 63 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔

اس سے قبل سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1983 کے ورلڈ کپ میں 72 گیندوں، وریندر سہواگ نے 2007 کے ورلڈ کپ میچ میں برمودا کیخلاف 81 گیندوں، ویرات کوہلی نے 2011 کے ورلڈ کپ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 83 گیندوں، 2015 میں آئرلینڈ کے خلاف شکر دھون اور 1999 میں کینیا کے خلاف سچن ٹنڈولکر 84، 84 گیندوں پر سنچریاں بناچکے ہیں۔

virat kohli

rohit sharma

Indian cricket team

India vs Afghanistan

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

dehli

odi cricket records