ورلڈکپ: روہت شرما کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت بھارت نے افغانستان کو ہرادیا
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے 9 ویں میچ میں بھارت نے کپتان روہت شرما کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت افغانستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
نئی دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 273 رنز کا ہدف با آسانی 35 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بھارت کی بیٹنگ
بھارتی اننگز کی خاص بات اوپنرز روہت شرما اور ایشان کشان نے ٹیم کو 156 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ فراہم کی، کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اس اننگز میں 5 چھکے اور 16 چوکے شامل تھے۔
روہت شرما نے اس باری کے دوران کئی ریکارڈ اپنے نام کیے، جن میں ایک بھارت کی طرف سے ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بھی شامل ہے۔
ایشان کشان 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اس دوران 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔
اس کے علاوہ ویرات کوہلی 55 اور شریاس ائیر 25 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے بنائے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے دونوں وکٹیں حاصل کیں جبکہ میچ میں شاندار بیٹنگ پر روہت شرما کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
افغانستان کی بیٹنگ
افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے تھے۔
افغان اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، بھارت کے خلاف افغانستان کی پہلی وکٹ 32 کے مجموعی اسکور پر گری، جب جسپریت بمراہ نے اوپنر ابراہیم زدران کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔
اس کے بعدرحمان اللہ گرباز کو ہاردک پانڈیا نے 21 جبکہ رحمت شاہ کو شاردل ٹھاکر نے 16 رنز پر پویلین بھیجا۔
63 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد عظمت اللہ عمر زائی اور حشمت اللہ شاہدی نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 121 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر عظمت اللہ عمر زائی 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان حمشت اللہ 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
اس کےعلاوہ محمد نبی نے 19، راشد خان نے 16، مجیب الرحمان نے 10 اور نوین الحق نے 9 رنز بنائے، یوں افغانستان نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے بمراہ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 اور کلدیپ یادیو اور ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کے خلاف میچ میں روہت نے کئی ریکارڈز توڑے
بھارتی کپتان روہت شرما انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے اور ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے افغانستان کے خلاف اننگز میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا 554 واں چھکا مار کر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کرس گیل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 553، پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے 476، نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے 398 چھکے مارے۔
روہت شرما نے ورلڈ کپ میں ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا
ہدف کے تعاقب میں روہت شرما نے افغانستان کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی جس کے بعد وہ سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔
روہت نے ورلڈکپ کی 19 اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کی، اس سےقبل ون ڈے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 44 اننگز میں 6 سنچریاں بنائی تھیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما کی یہ ون ڈے کیریئر کی 31ویں سنچری تھی۔
بھارتی کی جانب سے تیز ترین ورلڈکپ سنچری
افغانستان کے خلاف روہت کی سنچری بھارت کی جانب سے ورلڈکپ میں تیز ترین سنچری بھی ہے۔انہوں نے 63 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔
اس سے قبل سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1983 کے ورلڈکپ میں 72 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
بدھ کو افغانستان اور بھارت کا میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے، حشمت اللہ شاہدی 80 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پوانٹس ٹیبل
آئی سی سی ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو نیوزی لینڈ پہلے، بھارت دوسرے، پاکستان تیسرے اور جنوبی افریقا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
میچ کا ٹاس
قبل ازیں افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے ہوم گراؤنڈ پر بھارت کو پریشر میں لائیں۔
اس موقع پر بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ افغانستان کیخلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے، اہم میچ ہے جیت کے ساتھ پاکستان کیخلاف میدان میں اُترنا چاہتے ہیں۔
افغان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ بھارت نے ایشون کی جگہ شاردل ٹھاکر کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا۔
افغانستان کا اسکواڈ
افغان اسکواڈ میں کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، عظمت اللہ عمر زئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل حق فاروقی شامل ہیں۔
بھارت کا اسکواڈ
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، ایشان کِشن، ویرات کوہلی، شیرس ایر، کے ایل راہول، ہاردیک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، شاردل ٹھاک ر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 اکتوبر بروز ہفتے کو احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed on this story.