Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے، شہباز شریف

2024 سے2029 تک پاکستان کو معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنائیں گے، مریم نواز
اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2023 04:45pm
فوتو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوتو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے، نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ نے نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور ہنر کے تحفے دیے۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 2013 سے 2018 تک نواز شریف نے نوجوانوں کے لیے 20 ارب کا وزیراعظم یوتھ پروگرام شروع کیا تھا۔ پاکستان کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کو سنوارنا،پڑھانا اور ہنرمند بنانا ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دانش اسکول جس طرح غریب اور محنتی طالب علموں کی زندگی بدل رہے ہیں،اب دائرہ پورے پاکستان تک پھیلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2024 سے 2029 تک زراعت،آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں کو ترقی دیں گے، اگلے 5 سال معیشت کو پیروں پر کھڑا کریں گے اور مہنگائی سے عوام کو نجات دلائیں گے۔

نواز شریف کا سیف الملوک کو ٹیلی فون، جلسہ کرانے پر مبارکباد

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے سیف الملوک کھوکھر کو ٹیلی فون کر کے لاہور میں کامیاب جلسہ کرانے پر مبارکباد دی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ٹیلیفونک رابطے میں کہا کہ کھوکھر برادران نے ہمیشہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے بہترین اندازمیں کام کیا، 8 اکتوبر کے کامیاب سیاسی پاور شو نے ثابت کر دیا کہ عوام آج بھی اپنے تمام مسائل کے حل کے لیے ن لیگ سے ہی امید لگائے ہوئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی عوام سے ہر وعدہ پورا کیا اور آئندہ بھی عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

اس موقع پر سیف الملوک کھوکھر کا کہنا تھا کہ وہ مستبقل میں بھی پارٹی کی بہتری اور مضبوطی کیلئے اسی جذبے سے کام کرتے رہیں گے۔

نواز شریف کی واپسی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف عوام کی پریشانیاں ختم کرنے آ رہا ہے، نواز شریف کی واپسی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔

نواز شریف کی واپسی کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں این اے 128 اور این اے 129 کی یونین کونسلوں کے چئیرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔

مزید پڑھیں: نوازشریف 6 سال بعد قوم کو پورا سچ بتائیں گے، مریم نواز

اجلاس میں 21 اکتوبرکو نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوجوان ، مزدور، دیہاڑی دار بے روزگار ہے، اس لئے نوازشریف واپس آرہا ہے، ملک میں دہشت گردی لوٹ آئی ہے۔ اس لئے نوازشریف واپس آرہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ غریب کو سستا آٹا، سستی روٹی، سستی چینی اور سستا گھی نواز شریف کی حکومت میں ہی ملا ہے، ہم 2024 سے 2029 کے پانچ سال میں پاکستان کو معاشی طورپر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

اجلاس میں سابق اراکین قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر، ایاز صادق اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

Maryam Nawaz

shahbaz sharif

pmln jalsa

maryiam nawaz