Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: بنگلے میں ڈکیتی کے شبہ میں مالک کی فائرنگ سے مبینہ ملزم زخمی

4 ملزمان گھر میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے، بنگلے کے مالک کا بیان
شائع 11 اکتوبر 2023 09:54am

فیڈرل بی ایریا میں بنگلے کے مالک نے ڈکیتی کے شبہ میں فائرنگ کرکے ایک مبینہ ملزم کو زخمی کردیا، مالک کا کہنا ہے کہ 4 ملزمان گھر میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں واقع بنگلے میں کے مالک کی فائرنگ سے ایک مبینہ ملزم زخمی ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی مبینہ ملزم کواسپتال منتقل کردیا۔

منصور نامی بنگلے کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ 4 ملزمان گھر میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے، اور ایک ملزم گھر کے اندر آیا تو میں نے فائرنگ کردی، جب کہ ملزمان کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منصور کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ملزم کے پاس سے کوئی اسلحہ نہیں ملا، تاہم ملزم منشیات کا عادی لگتا ہے۔

پولیس کے مطابق بنگلے کے مالک منصور کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم گھر کے اندر داخل ہوا تو اس نےاس پرفائرکیا، پولیس کوجائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے4 خول ملے ہیں، جب کہ ملزمان کی جانب سے فائرنگ کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بنگلے کے مالک کا بیان قلم بند کرلیا گیا ہے، جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے گئے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔

Karachi Police

Karachi Firing

karachi robbers