Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسرائیل کا فلسطین پر ظلم و ستم، ملالہ نے بلآخر خاموشی توڑ دی

جنگ کبھی بھی کسی بچے کو نہیں بخشتی، ملالہ
شائع 11 اکتوبر 2023 01:03am

پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے فلسطینی گروپ حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کو فوری روکنے کا مطالبہ کردیا ۔

ملالہ نے تنازعات کے درمیان پھنسے فلسطینی اور اسرائیلی بچوں کے لیے اپنی تشویش پر زور دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کی حمایت کا اظہار کیا۔

ملالہ یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں شامل ہوں گی، کیونکہ جب سے میں نے یہ خبر سنی ہے مجھے فلسطینی اور اسرائیلی بچوں کا خیال کھائے جا رہا ہے کہ اس جنگ میں یہ بچارے پھنس گئے ہیں۔

اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں صرف 11 سال کی تھی کہ صبح ہوتے ہی ہم گولہ بارود کی آواز سے جاگتے تھے اور دیکھتے کہ ہمارے اسکول اور مساجد پر بمباری کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کبھی بھی کسی بچے کو نہیں بخشتی، بے شک وہ قید کیا ہوا اسرائیلی ہو یا پھر بھوکے پیاسے گولہ بارود سے بچتے ہوئے فلسطینی بچے۔ یہی نہیں بلکہ میں یہ سوچ سوچ کر بہت زیادہ افسردہ ہوں کہ دونوں ممالک کے بچے آج امن کی خطر ترس رہے ہوں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی سفارت خانے کے بیان کے مطابق ’ہفتے سے اب تک کم از کم 1,008 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے سفارت خانے نے کہا کہ ان حملوں میں 3,418 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہفتے کو اسرائیل کے جوابی فضائی حملوں کے آغاز کے بعد سے غزہ کی پٹی میں اب تک 770 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد چار ہزار سے زیادہ ہے۔

Malala Yousafzai