Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

’عمران، آرمی چیف، نواز شریف سمیت 6 لوگوں کو ساتھ بیٹھ کر مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا‘

نواز شریف کو ریلیف ملا تو چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملے گا، شاہد خاقان عباسی
شائع 10 اکتوبر 2023 10:53pm
Exclusive interview of Shahid Khaqan Abbasi - Will he participate in the election?| Spot Light

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر بات کرنی چاہئے۔ عمران خان، نواز شریف، آصف زرداری کو مل کر بیٹھنا چاہئے، فضل الرحمان، آرمی چیف اور چیف جسٹس بھی ساتھ بیٹھیں، یہ سب بیٹھ کر فیصلہ کریں کہ آگے کیسے چلنا ہے۔ ان چھ لوگوں کو ساتھ بیٹھ کر مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ ان کا آئینی کردار ہو نہ ہو یہ اثر انداز تو ہوتے ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’آج سارے ناکام، ہوچکے ہیں، آج سیاستدان بھی ناکام ہیں، جو کچھ فوج نے کیا اس کے اثرات بھی آپ کے سامنے ہیں، جو ججز نے کیا وہ بھی آپ کے سامنے ہے، مجموعی طور پر ایک نظام کی ناکامی ہے، آج بیٹھ کر اس نظام کے اندر راستہ ڈھونڈیں کہ ہم سب مل کر ملک کے حالات کو کیسے درست کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق الیکشن کرانا ضروری ہیں، مگر الیکشن مسائل کا حل نہیں نکال پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں ہر سیاسی جماعت اقتدار میں رہ چکی ہے، یہ سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل حل نہیں کرسکیں، مستقبل میں یہ جماعتیں کیسے مسائل حل کریں گی، موجودہ سیاسی جماعتیں مسائل حل کریں یہ ممکن ہی نہیں ہے، مسائل حل کرنا سیاستدانوں کا کام ہی ہے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کا الیکشن کی تاخیر پر مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ

ایک سوال کے جواب ممیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے 35 سال پرانا تعلق ہے، لندن جاتا ہوں تو ان سے ملاقات ہوتی ہے، موجودہ حالات میں نواز شریف کا اہم کردار ہے، میں نے ان کو تجویز دی ہے کہ ’اس سال انہیں قومی سطح کی سیاست میں 40 سال ہوجائیں گے، تو ان کو کوئی حل ڈھونڈنا چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہمیشہ مثبت سیاست کرتے دیکھا ہے۔ سیاست دانوں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست دشمنی بن گئی ہے، تفریق سے ملک نہیں چلے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کا قائل نہیں ہوں۔

مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی اندر اندر ایک فیصلہ کرتی ہے، باہر آکر سیاست کرتے ہیں، فضل الرحمان

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلے ناانصافی پر مبنی ہیں، نواز شریف کو قانون نہیں توڑنا چاہئے، ان کی اپیلیں عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں، انہیں ہائیکورٹ نے مفرور قرار دے رکھا ہے، حفاظتی ضمانت ملنے تک وہ عدالتی تحویل میں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عدالت میں سرینڈر کرنا چاہئے، میری تجویز ہے کہ نواز شریف قانونی راستہ اختیار کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو ریلیف ملا تو چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر میاں صاحب کو کوئی ریلیف ملتا ہے اس معاملے میں اور وہ ہائیکورٹ سے ملے گا، تو پھر اسی ہائیکورٹ میں شاید عمران خان صاحب کے بھی معاملات ہیں تو پھر انہی گراؤنڈز پر ان کو بھی ریلیف ملنے کا حق حاصل ہوجائے گا‘۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے پاس بڑے فیصلوں کا مینڈیٹ نہیں ہے، شاید آئی ایم ایف نگراں حکومت سے بات نہیں کرے گا۔

مزید پڑھیں: ن لیگ کو بتادیا ان حالات میں الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا، شاہد خاقان عباسی

انہوں نے ن لیگی رہنماؤں کے احتساب سے متعلق گزشتہ بیانات پر کہا کہ معیشت کی بہتری انتقام کیلئےنہیں ریاست کیلئے کرنی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے وضاحت کی کہ میں نے سابقہ حکومت کو نہیں سابقہ اسمبلی کو بدترین کہا تھا، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومت ایک جیسی تھی، دونوں کے دور میں پارلیمنٹ میں 90 فیصد قوانین اپنے مقاصد کیلئے بنائے گئے، آخری 15 دنوں میں تاریخی تعداد میں قانون سازی ہوئی، اس طرح کی قانون سازی کے پیچھے پیسا تھا، بہت سے متنازع بل پاس ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے تین سالوں میں ہر سیاسی جماعت اقتدار میں رہ چکی ہے، تینوں بڑی جماعتیں عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

Nawaz Sharif

Shahid Khaqan Abbasi

Asif Ali Zardari

imran khan

Justice Qazi Faez Isa

Molana Fazal ur Rehman

cheif justice of pakistan

Army Chief General Asim Munir