Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈکپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دے دی

انگلینڈ کے اوپنر ڈیوڈ میلان نے 140 رنز کی شاندار اننگ کھیلی
اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2023 09:51pm
ورلڈکپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137رنز سے شکست دے دی۔ فوٹو ــ ٹوئٹر/انگلینڈ کرکٹ
ورلڈکپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137رنز سے شکست دے دی۔ فوٹو ــ ٹوئٹر/انگلینڈ کرکٹ

ورلڈکپ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137رنز سے شکست دے دی۔ پہلے انگلش بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کی اور پھر بولرز نے بنگلہ دیش بیٹنگ لائن تباہ کردی۔ انگلینڈ کے اوپنر ڈیوڈ میلان نے 140 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

بھارت میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا ساتواں میچ دھرم شالہ کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا۔

بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز آزمانے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

انگلش ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 365 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

انگلینڈ نے پہلے بہترین بلے بازی کی اور بعد میں نپی تلی بولنگ کرکے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو 227 رنز پر ڈھیر کردیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس 76 رنز ، مشفیق الرحیم 51 اور توحید ہیروڈے 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹوپلے نے 4، کرس ووکس نے 2 ، سیم کرن ، عادل رشید ، لیام لیونگ سٹون اور مارک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

میچ میں انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ میلان اور جونی بیرسٹو نے اوپننگ کی اور ٹیم کو 115 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

جونی بیرسٹو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار ہوگئے۔

اس کے بعد ڈیوڈ میلان اور اور جو روٹ نے بھی اچھی شراکت قائم کی۔

میچ کے 38 اوورز میں اوپنر ڈیوڈ میلان 140 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر مہدی حسن کا شکار ہوگئے۔ انھوں نے 16 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔

جوروٹ 82 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان جوز بٹلر نے 20 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے مہدی حسن نے 4 جبکہ شرف السلام نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں ۔ شکیب الحسن اور تاسکن ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرسکے۔

England

Bangladesh

ICC ODI WORLD CUP 2023