Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

شوہر کو زہر دیا جاسکتا ہے، بشریٰ بی بی کا دوبارہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، بشریٰ بی بی
شائع 10 اکتوبر 2023 02:18pm
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی۔ فوٹو — فائل
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی۔ فوٹو — فائل

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک بار پھر درخواست دی ہے کہ ان کے شوہر کو تحفظ فراہم کیا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کو زہر دیا جاسکتا ہے۔

بشریٰ بی بی نے ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، اور چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سیکیورٹی کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔

بشریٰ بی بی نے درخواست میں مؤقف پیش کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، خدشہ ہے کہ شوہر کو جیل میں زہردیا جا سکتا ہے۔

بشریٰ بی بی کی درخواست

واضح رہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 2 اکتوبر کو اپنے کی جیل میں سیکیورٹی کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے وکیل کے ذریعے درخواست جمع کرائی تھی، جس میں کہا کہ جیل میں میرے شوہر کو زہر دیئے جانے کاخدشہ ہے۔

بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی، جب کہ ماضی میں قیدیوں کو سہولت دی جاتی رہی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے عمران خان کو خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ملاوٹ زدہ خوراک ان کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

بشریٰ بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم کو جیل مینوئل کے مطابق وہ سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں جس کے وہ حقدار ہیں، ان کے ساتھ جیل میں غیرانسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور14 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں واک اور ایکرسائز کی سہولت فراہم کی جائے، اور جیل میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائے۔

جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو زہر دیا جا سکتا ہے، وکیل کا دعویٰ

اس سے قبل 11 اگست کو بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ عدالت کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی فیملی کو خدشہ ہے جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو زہر دیا جا سکتا ہے۔

نعیم پنجوتھا نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو یادہانی کرائی، چیف جسٹس نے کہا یہ یاد رکھیں وہ آپ کی حراست میں ہیں، اور کہا کہ حفاظت کی تمام ذمہ داری سپرنٹنڈنٹ جیل اور آپ پر ہے۔

imran khan

bushra bibi

pti chairman

chairman pti

cypher case Imran Khan

Cypher case